پاکستان
26 جون ، 2016

کراچی :یوم علیؓ کا جلوس، سیکیورٹی انتظامات مکمل

کراچی :یوم علیؓ  کا جلوس، سیکیورٹی انتظامات مکمل

 


کراچی میں کل یوم علی رضی اللہ تعالی عنہ پر نکلنے والے جلوس کے لیے حفاظتی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔


21 رمضان المبارک کو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے موقع پر کراچی میں نشتر پارک سے نکلنے والے جلوس کی گزر گاہوں پر سیکورٹی کے لئے کنٹینر ز سڑک کے کنارے رکھ دیئے گئے ہیں،جو رات گئے جلوس کی گزرگا ہوں پر لگادیئے جائیں گے اور متعلقہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا۔


یوم علی رضی اللہ تعالی عنہ کے موقع پر مرکزی جلوس نشتر پار ک سے برآمد ہوگا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا، کھارا در میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا، اس موقع پر شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کراچی پولیس کے سربراہ مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ21 رمضان کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کیلئے 5 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی پولیس کی مدد کیلئے موجود ہونگے۔


انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کی گزرگاہ، امام بارگاہوں اور مجالس کے داخلی راستوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے کنٹرول روم سے تمام ضلعی کنٹرول رومزکو مانیٹر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :