27 جون ، 2016
سندھ ہائیکورٹ نے ہیٹ اسٹروک سے متعلق گلوکار شہزاد رائے کی درخواست کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔
شہزاد رائے کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے متعلق دائر درخواست کی سماعت جسٹس ندیم اختر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گزشتہ سال ہیٹ اسٹروک سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کے گئے تھے۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس سال متوقع ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر حکومتی اقدامات سے متعلق کچھ رپورٹس جمع کرائی گئیں جن کا جائزہ لینے کے لیےمہلت دی جائے ۔ جس پرعدالت نے مزید کارروائی کے لیے درخواست کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔