07 جولائی ، 2016
بنگلا دیش میں عید کی نماز کے وقت، دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہل کاروں سمیت تین افراد ہلاک اور 9 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے، مقابلے میں ایک حملہ آور مارا گیا۔
ایک ہفتے کے دوران بنگلا دیش دوسری بار دہشت گردوں کا نشانہبنا،دہشت گردوں نےاس بار کشور گنج میں عید گاہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
نیشنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکےاور فائرنگ کی۔مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد قریبی اسکول میں چھپ گئے، حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بم حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون اور دو پولیس اہل کار ہلاک اور 9 اہل کار زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ چار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کسی گروپ نے اب تک حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ۔ بنگلادیشی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا مقصد حسینہ واجد حکومت کو گرانا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعے کو دارالحکومت ڈھاکہ میں مسلح حملہ آوروں نے ایک کیفے پر حملہ کر کے 20 کے قریب افراد کو یرغمال بنا لیا تھا اور اس کے تقریباً 12 گھنٹے بعد فوج کے آپریشن میں پانچ حملہ آور مارے گئے تھے جبکہ یرغمال بنائے گئے غیر ملکیوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے۔