پاکستان
11 جولائی ، 2016

کراچی:بارش کی پیشگوئی کے باوجود انتظامیہ پیش بندی میں ناکام

کراچی:بارش کی پیشگوئی کے باوجود انتظامیہ پیش بندی میں ناکام

 


محکمہ موسمیات نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے مگر انتظامیہ اس حوالے سے مناسب پیش بندی نہ کرسکی،شہر کے مرکزی برساتی نالوں پر تجاوزات اُسی طرح قائم ہیں، جبکہ ان کی صفائی کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔


طوفانی بارشوں کی صورت میں شہر کا کیا بنے گا؟محکمہ موسمیات کی حالیہ پیش گوئی پر کراچی والے خوش ہونے کے بجائے سہم گئے ہیں، وجہ ہے نکاسی آب کا نظام جو انتظامیہ کی بدانتظامی کے باعث بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔


حالت یہ ہے کہ سیوریج کا پانی عام دِنوں میں بھی نالوں، گٹروں اور پائپ لائنوں کے بجائے شہر کے گلی، محلوں اور شاہراہوں پر کھڑا ہوتا ہے۔


توقع کے برخلاف محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی درست ہوئی تو کراچی میں سیلابی صورتحال پیداہوسکتی ہے کیونکہ شہر کے بڑے برساتی نالوں پر تجاوزات کی بھرمار ہے۔


صرف گجر نالے کی بات کی جائے تو اس پر 28 ہزار سے زائد مکانات بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث دو سو فٹ چوڑا یہ نالہ کہیں دس تو کہیں بیس فٹ کا رہ گیا ہے، دیگر مرکزی نالوں کا معاملہ بھی مختلف نہیں۔


بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 28 بڑے نالوں کی صفائی کرانی تھی تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے ناکافی فنڈز ملنے کے باعث اب تک صرف 6 بڑے نالوں پر کام ہورہا ہے۔


پانچ سو سے زائد چھوٹے نالوں کی صفائی ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز کی ذمے داری تھی تاہم 18 کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود یہ کام بھی پورا طرح مکمل نہیں ہوا۔

مزید خبریں :