09 اگست ، 2016
کوئی کاربن کاپی کہتا ہے تو کوئی فوٹو کاپی اور کوئی توکاپی کہتا ہی نہیں ڈائریکٹ وزیراعلیٰ سندھ کہہ دیتا ہے،کچھ ایسی ہی حیرت انگیز مشابہت ہے مراد علی شاہ سے اور یہ سیالکوٹ کا عرفان نہیں کراچی کا ایک نوجوان ہے۔
ہر آن متحرک سید مراد علی شاہ نے سندھ کی وزارتِ اعلیٰ پر چھائی غنودگی کو پہلے جھنجھوڑا اور پھر ایسا توڑا کہ ہر کوئی ہوگیا ہے ان کا فین۔
دنیا میں ایک جیسے چہروں کی مثالیں بہت، لیکن اگر کوئی کسی مشہور شخصیت کی ’فوٹوکاپی‘ ہو تو کچھ کئے بغیر ہی راتوں رات مشہور ہوجاتا ہے، مراد علی شاہ سے ایسی ہی مشابہت سے پہلے سیالکوٹ کے عرفان نے شہرت کمائی اور اب باری ہے کراچی کے محمد وسیم کی۔
نقل کبھی اصل کی جگہ نہیں لے سکتی لیکن شکل وزیر اعلیٰ سے اس قدر ملتی ہو تو لوگوں کو چونکانے اور بھرم کرانے میں مزہ آنے لگتا ہے۔
محمد وسیم کی تو گویا نکل پڑی، پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، لیکن آجکل طبیعت پر وکالت کے بجائے وزارت سوار ہے اور کیوں نہ ہو، جہاں جاتے ہیں، یہی سننے کو ملتا ہے کہ وہ دیکھو، وزیراعلیٰ آگئے!
محمد وسیم کا تعلق کراچی کے علاقے قائد آباد سے ہے اور ان کی خواہش ہے کہ مراد علی شاہ ان کے علاقے کا دورہ کریں اور مسائل حل کرائیں۔