13 ستمبر ، 2016
شکار پور بڑی تباہی سے بچ گیا،خانپور کے امام بارگاہ میں دو خودکش حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی،بہادر پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر دونوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا،دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا ہے ۔
خان پور کے امام بارگاہ میں عید کی نماز کے دوران دو خودکش حملہ آوروں نے عید گاہ میں گھسنے کی کوشش کی جس پر ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی۔
ایک خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا جبکہ ایک دہشت گرد کو لوگوں نے پکڑ لیا اور تشدد کرکے پولیس کے حوالے کردیا،حملے کے وقت عید گاہ میں نماز عید ادا کی جارہی تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
گرفتار دہشت گرد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیاہے،پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ۔
آئی جی سندھ اے ڈ ی خواجہ نے کہا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے انہیں سکھر منتقل کیا جارہا ہے ۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ شکار پورپہنچ گئے ۔خودکش حملے کی جگہ کادورہ کیا اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار حملہ آور سے تفتیش جاری ہے ، حملہ آوروں کی جڑ تک پہنچیں گے۔