30 جنوری ، 2012
کراچی … صدر آصف علی زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے صوبائی وزراء کا اجلاس ہوا،جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں سے تعلقات پرتبادلہٴ خیال کیاگیا۔ بلاول ہاوٴس کراچی میں صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کو بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرانے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ شازیہ مری نے بتایا کہ صوبائی وزیر نادر مگسی نے صدرمملکت کو آبپاشی نظام سے متعلق دئیے گئے ٹاسک پر اپنی رپورٹ بھی پیش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں نکاسی آب کے پرانے نظام کو فعال کیا جاسکتا تھا لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی۔