30 جنوری ، 2012
کراچی … کراچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ڈاکٹر محسن جعفر اور تاثیر عباس کو انچولی میں نمازجنازہ کے بعد وادی حسین قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، اس دوران مشتعل افراد نے شاہراہ پاکستان پر دھرنا دیا، پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈاکٹر محسن جعفر کو 2 روز قبل فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جبکہ ایف بی ایریا ہی کے بلاک 20 میں آج صبح فائرنگ کرکے تاثیر عباس کو قتل کیا۔ مقتولین کی نمازجنازہ انچولی میں امام بارگاہ شہدائے کربلا میں بعد نماز ظہرین ادا کی گئی۔ اس موقع پر جنازہ کے شرکاء نے شاہراہ پاکستان پر احتجاجی دھرنا دیا جبکہ بعض مشتعل افراد نے میڈیا کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایاا ور ان کے کیمرے توڑ دیئے۔ احتجاجی دھرنے کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جبکہ اس دوران نامعلوم افراد نے النور سوسائٹی کے قریب منی بس کو آگ لگادی۔ دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی جنہوں نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔ اس موقع پر پولیس اور رینجرز نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ دھرنے کے باعث شاہراہ پاکستان پر ٹریفک بلاک ہوگیا جسے کئی گھنٹوں بعد بحال کردیا گیا۔