24 ستمبر ، 2016
بالی وڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘کاٹریلر آنے کے بعد سب سے زیادہ خوشی اجے دیوگن کو ہوئی ہے۔ آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ اجے دیوگن کا اس فلم سے کیا تعلق؟فلم میں تو رنبیر کپور ہیں، ایشواریہ، انوشکا اور فواد خان ہیں،فلم کو بنانے والے بھی کرن جوہر ہیں تو اجے دیوگن ’اے دل ہے مشکل‘ کے ٹریلر سے اتنا خوش کیوں ہیں؟
اے دل ہے مشکل کی جب سے پہلی جھلک یعنی ٹیزر اور پھر دو گانے ریلیز ہوئے تب سے ہر جگہ صرف اس فلم کی باتیں ہورہی تھیں، سب بھول بھی گئے کہ اس فلم کا مقابلہ اجے دیوگن کی مہنگی ترین فلم’شیوائے‘ سے ہے، اجے دیوگن کو تو پریشانی ہونی ہی تھی کیونکہ ان کی فلم کوتو کوئی پوچھ بھی نہیں رہا تھا۔
رنبیر کی شدت، ایشواریہ کے جذبے، انوشکا کے جوش اور فواد خان کے جنون کی جھلک نے ملکر اجے دیوگن کی فلم کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا، فلم کے ٹائٹل سونگ اور بلھیا نے بھی دھوم مچادی، اوپر سے کرن جوہر نے شاہ رخ کی اینٹری بھی پکی کر دی۔
لیکن اب فلم کے ٹریلر نے انتظار کی شدت کا پارہ اوپر لے جانے کے بجائے تھوڑا سا گرادیا ہے، رنبیر کی پچھلی کئی فلموں کی طرح اس فلم میں بھی ان کے کردار کی پہلی منزل پر ہلکا پھلکا منچلا پن پھر دوسرا اسٹاپ رومانس اور سفر کا اختتام جنون اور شدت پر ختم ہوتا دکھ رہا ہے۔
پہلے ’بچنا اے حسینو‘ پھر ’ویک اپ سڈ‘ میں رنبیر کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہوتا ہے۔’راک اسٹار‘ ،’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’تماشا‘ میں رنبیر کے کردار میں یہی شیڈز نظر آئے تھے۔
فلم کے ٹریلر میں رنبیر اور انوشکا کے ایسے مناظر استعمال کیے گئے جو رنبیر دیپیکا کے ساتھ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اور ’تماشا‘ میں رجسٹر ہوچکے ہیں، اب چاہے وہ پیرس کا ایفل ٹاور ہویا ویسپا ٹائپ اسکوٹی پر دونوں کی گلیوں میں سیر اور دونوں کے ڈانس میں روبوٹ اسٹیپس اور سب سے بڑھ کر رنبیر کا راجیش کھنہ اور دیو آنند کا انداز جو پچھلے ہی سال ’تماشا‘ میں نظر آیا تھا۔
رنبیر کی اداکاری کی بارے میں کسی کی بھی دو رائے نہیں ہوسکتی، انہوں نے ہر جھلک میں بے مثال تاثرات چھوڑے ہیں، رومانس ہو، کامیڈی یا پھر شدت رنبیر جیسے ورسٹائل اداکار جو سپر اسٹار بھی ہو بالی وڈ کو کم ہی ملے ہیں۔
ٹریلر میں انوشکا اور رنبیرکی کیمسٹری میں اتنی چمک نہیں نظر آئی جتنی رنبیر اور ایشواریہ کی ’بائیلوجی‘ میں دکھائی دیتی ہے، ایشواریہ کے کردار اور ان کے انداز کوتو ہی اس فلم کا سرپرائز پیکیج قرار دیا جارہا ہے لیکن رنبیر اور انوشکا کے دل جس مشکل میں نظر آئے ایشواریہ کا دل اُس مشکل سے بہت دور نظر آیا کیونکہ ’وہ کسی کی عزت نہیں خواہش بننا چاہتی ہیں‘۔
ٹریلر میں ’ٹائٹل سونگ‘کا استعمال نہ کیا جانا بھی حیران کن ہے ،وہ اس لیے کہ ٹیزر کتنے ہی اچھے کیوں نہ ہوں فلم کے ٹریلر کو زیادہ دیکھا اور استعمال کیا جاتا ہے۔
ٹریلر سے یہ بھی لگتا ہے کہ رنبیر اور انوشکا کی دوستی میں پہلے رنبیرکی محبت رکاوٹ بنتی ہے لیکن جب انوشکا فواد خان سے رشتہ توڑ کر اپنے دل میں رنبیر کی جگہ بناتی ہیں تب تک رنبیر دل سے ایشواریہ کے ہوچکے ہوتے ہیں۔
’اے دل ہے مشکل‘ کے ٹریلر کا ماسٹر اسٹروک وہ سین ہے جس میں رنبیر، ایشواریہ اور انوشکا ملکہ ترنم نور جہاں کی آواز میں ’مجھ سے پہلی سے محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ کو سن بھی رہے ہیں اور ڈسکس بھی کر رہے ہیں۔
رنبیر کا صرف یہ کہنا ’میرے محبوب نہ مانگ‘ فلم کی پوری کہانی بیان کردیتا ہے، فلم میں ایک یہ بھی مشکل ہے کہ کہیں لوگ ’لو ٹرائی اینگل‘ کی تکون سے کنفیوز نہ ہوجائیں۔
اس فلم میں پہلے انوشکا کی محبت کی تکون فواد اور رنبیر مکمل کرتے ہیں، پھر رنبیر کے پیار کا ٹرائی اینگل انوشکا اور ایشوریہ سے پورا ہوتا ہے اور ایشواریہ اور شاہ رخ کی زندگی میں تیسرا آدمی رنبیر ہوتا ہے۔
آپ بھی پڑھتے پڑھتے تھوڑا سا تو کنفیوز تو ہوئے ہوں گے، خیر اب اسی کہانی کی وجہ سے فلم بِک بھی سکتی ہے اور بیٹھ بھی سکتی ہے، اسی کنفیوزن کو کم کرنے کیلئے عمران عباس اور لیزا ہیڈن کی فلم میں اینٹری ہوگی جو شاہ رخ کی طرح فلم کے ٹریلر اور ٹیرز سے غائب ہیں۔
ٹریلر میں ایک اور سین جہاں رنبیر کسی شخص سے یہ کہتے ہیں کہ ’’آسان ہے کیا ایسی محبت کرنا جس کے بدلے میں محبت نہ ملے‘‘ بھی خوب ڈسکس ہورہا ہے، سب نے اسے شاہ رخ خان قرار دے دیا ہے، ویسے یہ بھی ففٹی ففٹی ہے کیونکہ یہ شخص جس کا چہرہ نہیں دکھائی دے رہا عمران عباس بھی ہوسکتے ہیں یا تیسرا کوئی اور بھی۔
’اے دل ہے مشکل‘ کے ٹریلر میں ایسا اشارہ دکھایا گیا ہے جسے ٹریلر میں نہ دکھانا زیادہ بہتر ہوتا،ویسے اس اشارے کا فلم میں یقیناً کوئی نہ کوئی مقصد ہوگا، ہمیں لگتا ہے یہ وہ ’سگنیچر‘ ہے جو انوشکا اور رنبیر نے فلم کے شروع میں اپنی دوستی کے دوران بہت استعمال کیا ہوگا اور فلم کے کلائمیکس میں رنبیر ان کو وہی یاد دلاتے ہوئے رلاتے ہیں،اب ہمارا انداز صحیح ہے یا نہیں یہ تو فلم کی ریلیز کے بعد سب دیکھ لیں گے لیکن ٹریلر میں اس جھلک سے دیکھنے والوں نے کوئی اچھا تاثر نہیں لیا ہوگا اور اِس وقت اس سے فلم کو نقصان پہنچا ہوگا۔
اب تھوڑی بات بزنس کی ہوجائے،’اے دل ہے مشکل‘ رنبیر کپور کی بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں بزنس کرنے والی سب سے بڑی اور کامیاب فلم ہوگی، کیونکہ اس فلم میں پاکستانی بیک گراوٴنڈ بھی ہے اور میوزک کا بھی تو 200کروڑ کا چھکا تو لگنا چاہیے لیکن بھارت میں یہ فلم اگر ہٹ بھی ہوئی تو کروڑ کی ڈبل سینچری کرنا بہت مشکل ہے، وہاں سنگل اسکرین میں دیکھنے والوں کو یہ کہانی ہضم نہیں ہوگی لیکن ملٹی پلیکس پر بڑی اوپننگ اور سو سے ڈیڑھ سو کروڑ کا بزنس ہونابڑی حد تک ممکن ہے۔
کرن جوہر نے یہ فلم اوور سیز مارکیٹ کو ٹارگٹ کر کے بنائی ہے، فلم کے میوزک رائٹس، سیٹلائٹ رائٹس اور اوور سیز مارکیٹ سے ہی کرن جوہر کو بھاری منافع ہوگا، اب جو اجے دیوگن کی ’شیوائے‘ سے لڑ کر بھارت میں جتنی کمائی ہوگی وہ تو ساری بونس ہی ہوگی، تو اب نتیجہ کیا آئے گا اس کیلئے 28 اکتوبر کا انتظار کرنا ہوگا۔