30 جنوری ، 2012
لاہور …پیپلز پارٹی حکومت کے کئی رہنما نیند پوری کرنے کے لئے اسمبلی یا سرکاری تقریبات کا انتخاب کرتے نظر آتے ہیں۔ کبھی گورنر لطیف کھوسہ تو کبھی نوید قمر سوتے پائے جاتے تھے مگر اب تو وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ بھی اس صف میں شامل ہو گئے ہیں، پولیو کے حوالے سے کانفرنس میں موصوف اپنی نیند پوری کرتے نظر آئے۔ کبھی دائیں، تو کبھی بائیں، کبھی سر کو آگے جھکائے تو کبھی پیچھے۔ لیکن نیند نے خورشید شاہ کی جان نہ چھوڑی۔ وزیر موصوف نے آنکھوں کو انگلی سے مسلا، گردن پہ خارش کی، دونوں ہاتھ منہ پہ پھیرے، لیکن بات پھر بھی بات نہ بنی، جیسے ہی چند سیکنڈز کے لئے بیٹھتے نیند کندھوں پر سوار ہو جاتی۔جب بار بار جمائیاں آئیں تو مونچھوں کو تاوٴ دینے لگے، لیکن نیند تو پھانسی کے پھندے سے نہیں گھبراتی تو خورشید شاہ کی مونچھوں سے کیسے ڈرتی،سو وہ سوتے رہے۔