05 اکتوبر ، 2016
ملتان میں سردی تو نہ جانے کب آئے موسم سرما کی سوغات ، گیس لوڈ شیڈنگ کا آغاز ابھی سے ہو گیا ۔ کئی کئی گھنٹوں غائب رہنے والی گیس سے خواتین پریشان ہو گئیں ۔
ملتان کی گرمی ماہ اکتوبر میں بھی عروج پر ہے اور شہری اب نہ صرف گرمی سے پریشان ہیں بلکہ گزشتہ کئی روز سے صبح ، شام اور رات کے اوقات میں گیس کی بندش سے بھی تنگ آ گئے ہیں ۔
خواتین کا کہنا ہے کہ پہلے تو گیس سردیوں میں نایاب ہو جاتی تھی لیکن اب اس کا کوئی موسم سے تعلق نہیں رہا ۔ دن میں اچانک گیس بند کر دی جاتی ہے، جس سے دوپہر کو کھانا بنانے میں مشکل ہو جاتی ہے جبکہ صبح کے اوقات میں گیس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ چائے بنانا بھی دشوار ہے ۔
ملتان کے علاقوں جمیل آباد ، خونی برج ، دلی گیٹ ، ممتاز آباد اور گلگشت سمیت مختلف علاقوں میں صارفین کو گیس کے کہیں لو پریشر کا سامنا ہے تو کہیں گیس گھنٹوں غائب رہتی ہے ۔