05 اکتوبر ، 2016
وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ان کے نہلے پر دہلا مارا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے مقابلے کی بات کرتے ہیں، لیکن انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ یہ مقابلہ بارود، آگ اور خون سے ممکن نہیں ہے،جن کھیتوں میں بارود بویا جاتا ہے، وہاں روزگار اور خوشحالی کے پھول نہیں کھلتے جن زمینوں کو ٹینکوں اور توپوں سے روندا جائے وہاں عوامی فلاح و بہبود کے چمن نہیں لہلہلاتے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مودی کا نام لیے بغیر کہا، وہ اپنے قول و فعل کا تضاد دور کریں،نہتے عوام کی آنکھیں تو چھروں کا نشانہ بنائی جاسکتی ہیں لیکن تاریخ اور پوری انسانیت کو اندھا نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر مسلسل آتش فشاں کی طرح سلگ رہا ہے،بھارت کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم نہیں کر سکتا،برہان وانی کی شہادت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو فیصلہ کن موڑ پر لے آئی۔
وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ معصوم لوگوں کےچہرے مسخ کرنےسے تحریک کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی ایجنڈے پر موجود ہیں، کشمیریوں کے خون نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پھر سے زندہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ بھارتی قابض فوج کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہ جا سکا، آج ہم پھر کشمیریوں کی آزادی کےعزم کااعادہ کرتے ہیں، کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت عالمی برادری سےکیے گئے وعدوں سے کشمیریوں کو محروم نہیں کر سکتا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کشمیر سے متعلق کیے گئے وعدوں کو پورا کرے، کشمیریوں کی جاری آزادی کی تحریک کو بھارتی فوج روک نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے خلاف ہیں،ہم نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو خطوط لکھے ، پاکستان کے دفاع کے لیے ہم صرف اورصرف پاکستانی ہیں،کشمیرسمیت تمام معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں،کسی کی دھونس کو خاطرمیں نہیں لائیں گے۔
وزیر اعظم نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ ہم جنگ کے خلاف ہیں،خطے میں پائیدارامن چاہتے ہیں،بے روزگاری اورغربت کے خلاف جنگ بارود سے نہیں لڑی جاسکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی حکمرانوںکی خواہش ہے کہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں مقابلہ ہو تو یہ کام بارود، آگ اور خون کے ذریعے ممکن نہیں،جن کھیتوں میں بارود بویا جائے وہاں پھول نہیں کھلتے، ہم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں،ہم حقیقی معنوں میں عوام میں تبدیلی لانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔