07 اکتوبر ، 2016
طارق معین صدیقی.....وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خسرہ پروگرام سمیت محکمہ صحت کے 11 منصوبوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکردیا۔ اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ انھوں نے کہا کہ جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث افسران کو بھی جیل بھیج دیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محکمہ صحت سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جعلی ڈاکٹر اور اتائی کیسے کام کررہے ہیں۔اتائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
سندھ حکومت صحت کے شعبے پر اربوں روپے خرچ کررہی ہےاس کے باوجود غریبوں کو فائدہ نہیں ہورہا، کارکردگی یہ ہے کہ پولیو کی وجہ سے سندھ تنہاہوگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سندھ پولیو فری چاہیے خراب کارکردگی پر ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےوزیر صحت کو کام نہ کرنے والے افسران، ڈاکٹرز، انچارجز کو فوری ہٹانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جس علاقے میں جعلی ادویات فروخت ہوں گی ،متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن ، پولیو، ایڈزاور صحت کے دیگر پروگرام کے منیجرز بھی شریک تھے۔