30 اکتوبر ، 2016
چیئرمین پاکستان تحریک انساف عمران خان نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز رشید کوئی بچہ تو نہیں ، ٹی وی پر آکر تو بڑی دیر سے ن لیگ کی نمایندگی کررہے ہیں، کیسے ہوگیا کہ اس طرح کی اسٹوری اور دیکھے سوچے سمجھے بغیر رپورٹر کوبھیج دی؟
بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی مان سکتا ہے کہ پرویز رشید کو پتہ ہی نہیں تھاکہ جو اسٹوری آگے بھیج رہا ہے وہ مودی کاموقف ہے ، اب تو اس پر اور زیادہ تفتیش کی ضرورت ہے ، کون ذمہ دار تھا ، کیا پرویز رشید خود یہ اسٹوری آگے بھیج سکتا تھایا اس کے پیچھے شاہی خاندان تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان اور پاکستان کا مفاد الگ الگ ہے، یہ اسٹوری فیڈ کی گئی ہے اور پتہ چلوانا ہے کہ اس کےپیچھے کون ہے ، چودھری نثار سے سوال پوچھتا ہوں کہ یہ سارا کچھ کیوں ہورہا ہے، ہم یہ سب اس لیے کررہے ہیں کہ وزیراعظم پاناما لیکس میں رنگے ہاتھ پکڑا جاتاہے ، چوہدری نثار بتائیں کیسے آپ کا ضمیر مانتا ہےکہ آپ کرپٹ آدمی کے لیے کام کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ نے ان سے کہاکہ وہ جواب دیں ، چوہدری نثار ایک کرپٹ آدمی کا کیسے دفاع کررہےہیں ، لال حویلی کو کیوں بند کیا ، وہ تو صرف شیخ رشید کا سگار ہی ہتھیار تھا ، علی امین کی جان کو خطرہ ہے ، اسے دھمکیاں ملی ہوئی ہیں ، ہم اپنی خواتین ، بچوں اور اہل خانہ کو بلارہے ہیں ، بندوقوں والوں کو کیسے بلاسکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اگر آپ ایک صوبے کوباقی ملک سے کاٹ دیں گے تو کیا اس کا وزیراعلیٰ بولے گا نہیں، ن لیگ بھی اسمبلی میں کہتی ہے کہ سی پیک میں خیبر پختونخوا کو ٹھیک حصہ نہیں ملا ، دونوں بھائیوں نے خود چین جاکر فیصلے کرلیے ، آپ خود چھوٹے صوبوں میں تعصب پیداکررہے ہیں ، ہم نےکبھی بھی بندوقوں کی سیاست کی نہ مارپٹائی کی ، کبھی سنا ہےکہ خیبر پختونخوا میں کسی سیاسی مخالف کو مار پڑوائی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہے ہیں یہ کونسی جمہوریت ہے، مشرف کی آمریت اس سے بہتر تھی ، آپ کے دعوے اور زمینی حقائق میں میل نہیں ہے، چوہدری نثار آپ نے نواز شریف کو نہیں اللہ کو جواب دینا ہے ، جب دس لاکھ لوگ شہر میں آئیں گے تو لاک ڈاؤن تو ہوجاتاہے ، ہم جو کررہے ہیں وہ تو حق ہے یہ جو کررہے ہیں وہ قانون کے خلاف ہے ، اگر نواز شریف نے استعفیٰ دیا تو ہمارا احتجاج جشن بن جائے گا ۔