شہر شہر
06 نومبر ، 2016

حضرت غوث بہا الدین زکریاؒ ملتانی کا 777 واں سالانہ عرس

حضرت غوث بہا الدین زکریاؒ ملتانی کا 777 واں سالانہ عرس

 

سلسلہ سہروردیہ کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہا الدین زکریا ؒملتانی کے 777 ویں سالانہ عرس کی3 روزہ تقریبات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے ۔

جنوبی ایشیا کے عظیم روحانی پیشوا ، شیخ الاسلام حضرت بہا الدین زکریاؒ کے وصال کو 777 سال گزر جانے کے باوجود آج تک لوگ یہاں آ کر فیض پاتے ہیں اور ایک بار پھر وہ وقت آ گیا، جہاں آنے والا ہر فرد اپنے دل کی مراد پانے عرس کی سالانہ تقریبات میں پہنچا ہے ۔

زائرین کا کہنا ہے کہ یہاں آ کر ہمیں دلی سکون ملتا ہے ۔

حضرت بہا الدین زکریا ملتانی کی ولادت 560 ہجری میں کہروڑ لعل عیسن میں ہوئی اور ان کا وصال 91 برس کی عمر میں 661 ہجری ہوا ، انہوں نے تمام عمر فروغ تعلیم اور دین اشاعت میں صرف کی ، حدیث کی تعلیم بخارا ، ثمر قند اور مدینہ منورہ سے حاصل کی، پہلی اقامتی درسگاہ انہوں نے قائم کی، جس سے 70 ہزار سے زائد طلباء فیض یاب ہوئے ، ان کی تعلیمات کا مقصد دہشت گردی ، فرقہ واریت ، تعصب ، فساد کو ختم کرنا اور جہالت کے اندھیروں کو مٹانا تھا ۔

غوث بہاو الدین زکریا اکیڈمی پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری کا کہنا ہے کہ اگر ہم حضرت شیخ الاسلام بہا الدین زکریا کی تعلیمات کو عام کریں گے تو اس طریقے سے ہم معاشرے میں تحمل ، برداشت ، صبر ، اعتدال کا ایک ایسا راستہ دکھائیں گے، جس پر چل کر ہماری نسلیں بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔

عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز درگاہ کے 28ویں سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی غسل دے کر کرتے ہیں ، عرس 6 نومبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گا، عرس کے آخری روز مقامی تعطیل بھی ہو گی ۔

حضرت غوث بہاالدین زکریا کے عرس کی تقریبات میں ہر وہ شخص شرکت کرتا ہے جو صبر و تحمل اور برداشت کی تعلیمات پر یقین رکھتا ہے، جس میں نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب سے بھی تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شامل ہوتے ہیں ۔

مزید خبریں :