11 دسمبر ، 2016
چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران میں کپتان مصباح الحق پر کپتانی چھوڑنے یا ریٹائر منٹ کے لئے دباو نہیں ڈالوں گا۔
کسی بھی کھلاڑی کے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اسے خود کرنا چاہیے۔ ہماری جانب سے مصباح کو فری ہینڈ ہے کہ وہ کھیلے اور کارکردگی دکھائے۔
آسٹریلیا کی سیریز مشکل ہوتی ہے اس موقع پر کپتان کی ریٹائرمنٹ کی بات کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے لیکن ہمیں اپنا بیک اپ مضبوط کرنا ہوگا۔
وہ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی کو خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر کپتان کے جانے کی بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ یونس خان کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونس خان سینئر بیٹسمین ہیں۔ ان سے سیریز میں توقعات ہیں۔
اگر سنیئر بیٹسمین رنز کرے گا تو ان کی کارکردگی سے دیگر بیٹسمینوں کی بھی ہمت بڑے گی۔ یونس خان کا فارم میں آنا ٹیم کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے والے عامر کو ایک دم سے ردھم میں آنا آسان نہیں، وہ محنت کررہا ہے۔
توقع ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں توقعات پوری کرے گا۔ آسٹریلیا کے سائیڈ میچ میں پاکستانی ٹیم کی اچھی کارکردگی حوصلہ افزا خبر ہے۔ امید ہے کہ ٹیم اس کارکردگی کا مظاہرہ ٹیسٹ سیریز میں بھی کر ے گی۔
نیوزی لینڈ میں پریکٹس کا بالکل موقع نہیں ملا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کے بعد اگر نیوزی لینڈ آسٹریلیا میں پریکٹس کے بغیر کھیلیں تو مشکل پیش آتی ہے۔