10 جنوری ، 2017
ملتان میں 2 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے، حادثہ بالائی منزل پر دیواریں توڑے جانے کی وجہ سے پیش آیا، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی مزید کسی کو ملبے سے نہیں نکالا جاسکا۔
بوسن روڈ ملتان پر 50 دکانوں پر مشتمل دو منزلہ تجارتی عمارت میں تعمیرو مرمت کا کام جاری تھا، دوسری منزل پر واقع چھ دکانوں کی دیواریں گرا کر ایک بڑا ہال بنایا جارہاتھا کہ تقریباً ساڑھے چار بجے شام کو عمارت گرگئی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو نکالنا شروع کیا، بعد میں ریسکیو اہلکار ہیوی مشینری کے ساتھ امدادی کام میں مصروف ہوگئے۔
پاک فوج کا دستہ بھی موقع پر پہنچ گیااور ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کی کوششیں شروع کردیں، امدادی کارروائی کے دوران کرین خراب ہوگئی، جس کے بعد سے ریسکیو اہل کاروں نے ہاتھوں اور ڈرل مشین سے کام کیا۔
ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ کا کہنا ہے کہ ملبے میں تین چار افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے والی عمارت کا ایک حصہ 2011ء میں بوسن روڈ کی توسیع کے دوران گرایا گیا تھا، جس سے عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں تھیں اور مالکان نے عمارت مکمل گرانے کے بجائے اس کی مرمت کرا لی تھی۔
سی پی او احسن یونس کا کہنا ہے کہ پلازہ مالکان کی اس مجرمانہ غفلت پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔