01 فروری ، 2012
بغداد … عراق کے نائب صدر طارق الہاشمی کے سولہ محافظوں کو سرکاری حکام اور ججوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔عراق کی وزارت داخلہ نے مذکورہ گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان محافظوں کو مختلف الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ یہ لوگ سائلینسر لگی بندوقوں اور پستولوں سے سرکاری حکام اور ججوں کو قتل کررہے تھے۔دریں اثناء انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ طارق الہاشمی کے دفتر میں ملازم دوخواتین راشا نمیر جعفر الحسین اور باسیمہ سلیم کیریاکوس کو یکم جنوری کو گرفتار کر لیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ایمنسٹی نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ان دونوں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے،ان سے ناروا سلوک کیا جاسکتا ہے اور ان کی گرفتاری کا طارق الہاشمی سے وابستگی سے تعلق ہے۔