کھیل
19 جنوری ، 2017

مثبت سوچ کیساتھ پاکستان آج آسٹریلیا پر ٹوٹنے کو تیار

مثبت سوچ کیساتھ پاکستان آج آسٹریلیا پر ٹوٹنے کو تیار

پاکستان کرکٹ ٹیم میلبورن کے ون ڈے میں فتح سے تقویت حاصل کرتے ہوئے کینگروز پر قابو پانے کیلیے پرامید ہے۔ دونوں ٹیمیں تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے واکا میں جمعرات کو مدمقابل ہوںگی۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے میچ کے حوالے سے پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ ہمیں ٹیم پر پورا اعتماد ہے، ہم بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ دومیچوں میں بولرز نے ٹیم کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔

کسی کوشک نہیں کہ ہماری بولنگ میں کارکردگی کو دہرانے کی صلاحیت ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلی ہار کےبعد دوسرے میچ میں جارحانہ کھیل کے لیے میدان میں آئے جس کو ہم اگلے میچ میں بھی جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حریف ٹیم کا بولنگ اٹیک کیسا ہی ہو، اگر آپ ذمہ داری سے بیٹنگ کریں، رویہ اور سوچ مثبت رکھیں، ابتدا میں وکٹیں نہ گنوائیں تو فتح حاصل کرسکتے ہیں۔

میلبورن کے دوسرے ون ڈے میں ہم نے اسی پر عمل کیا۔ یہاں بھی اسی منصوبے کو جاری رکھیں گے اور مثبت سوچ سے ہی جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم باؤنس اور پیس کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کرسکتے ہیں۔

تیسرے میچ میں حتمی ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ ہم اسی ٹیم کے ساتھ جائیں لیکن حتمی فیصلہ وکٹ اور کنڈیشن کو دیکھ کر کریں گے۔ مجھے ذاتی طورپر یقین ہے اور بطور ٹیم ہم سمجھتے ہیں وہ کسی بھی کنڈیشن میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

کھلاڑیوں کے پاس تجربہ ہے اورانھوں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے۔ قائم مقام کپتان نے جنید خان سمیت بولرز سے توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سے بہت امیدیں ہیں ۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہمیں جیت کے یقین کو واپس لانا ہے، ڈریسنگ روم میں مثبت رویہ ہے اس لیے ہمیں یقین ہے ہم یہاں اچھا کھیل سکتے ہیں اور دومیچوں میں ہم نے اچھا کھیلا ہے، ہار اورجیت کا اثر پڑتا ہے لیکن کھلاڑیوں کا رویہ مثبت تھا۔

واکا میں ہونے والے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ2005 میں ہم یہاں آئے تھے تو ہم جیتے تھے لیکن ہماری توجہ اس طرف نہیں ہے بلکہ ہمیں ٹیم کے طورپر اچھی کرکٹ کھیلنی ہے اور اچھا کریں گے توہمارے پاس بہت مواقع ہوں گے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے میچ کے لیے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹر ہینڈزکا مب ڈیبیو کریں گے۔ انہیں زخمی آل راؤنڈر مچل مارش کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنھوں نے حال ہی میں جنوبی افریقا اور پاکستان کے خلاف اپنے کیریئر کی ابتدائی ٹیسٹ سیریز کے چار میچوں میں دو نصف سنچریاں اور دو سنچریاں بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین کہتے ہیں کہ ہمیں چار معیاری بیٹسمینوں کی ضرورت ہے، ہینڈز کامب نے سڈنی ٹیسٹ میں جارحانہ بیٹنگ کی اس لیے انہیں موقع ملے گا ۔ میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈزکامب، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسیویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، بلی اسٹین لیک ٹیم میں شامل ہوں گے۔

 

 

مزید خبریں :