دنیا
20 جنوری ، 2017

ٹرمپ کی حلف برداری، واشنگٹن سمیت امریکا بھر میں مظاہرے

ٹرمپ کی حلف برداری، واشنگٹن سمیت امریکا بھر میں مظاہرے

ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پرواشنگٹن سمیت امریکا بھر میں بھرپور احتجاج کیا جارہا ہے۔ صبح سے جاری احتجاج میں اس وقت شدت آگئی جب ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچے۔ مخالفین بےقابو ہوگئے اور توڑ پھوڑ شروع کردی۔

بہت سے لوگوں نے اپنے چہرے چھپا رکھے تھے۔ ڈنڈے اور جھنڈے اٹھائے مظاہرین نے دکانوں کے شیشے توڑ دیے۔ پولیس بھی حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ کئی علاقوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ۔

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پر ان کے حامیوں کے ساتھ مخالفین بھی احتجاج کے لیے واشنگٹن پہنچے۔ لندن، ٹوکیو اور برلن میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔

واشنگٹن میں ٹرمپ کے مخالفین کی ٹولیاں جگہ جگہ احتجاج میں مصروف تھیں۔ مظاہرین سے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ خواتین، تارکین وطن اور مسلمانوں کے نمائندے ہیں۔ کچھ شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کرکے انہیں صدر بننے سے نہیں روکا جاسکتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برادری کے موقع پر امریکا کے ساتھ برطانیہ، جاپان اور جرمنی اور فلسطین کے دارالحکومتوں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

مظاہرین نے ٹررمپ کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں، مظاہرین صدر ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنارہےہیں، امریکا کے علاوہ جرمنی میں بھی احتجاج کیا گیا، دریائے ٹیمز پر لندن کے ایک احتجاجی گروپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے خلاف احتجاج کیا۔

مزید خبریں :