21 جنوری ، 2017
امین حفیظ...مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ راتوں رات شیروانی سلوا کر پتلی گلی سے نکل کر وزیر اعظم بننے کا دور ختم ہو گیا، وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کرکے اپنا مستقبل عدالت کوسونپ دیا ہے۔
میؤ اسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خاں ہوش کے ناخن لیں، عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں، بلاول زرداری بھٹو پہلے کراچی کے حالات درست کر لیں پھر لاہور کی بات کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کا دامن صاف نہیں اس لیے یہ لوگ عدالتوں سے گھبراتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختون خوا میں احتساب کمیشن کا کیا حال کیا؟ ان کی سیاست انتشار کی سیاست ہے، جن کا دامن صاف ہو وہ خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹانگیں کھینچنے کا دور ختم ہو چکا، بلاول جوش خطابت میں ایسی باتیں کرجاتے ہیں،تخت لاہورکا طعنہ دینے والے کراچی کے حالات دیکھ لیں،مہربانی کرکے پہلے کراچی کے حالات درست کریں پھر لاہور کا رخ کریں۔