11 فروری ، 2017
راجہ زاہد اختر خانزادہ...کشمیری حریت رہنماؤں نے عالمی اداروں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ،سید شبیر شاہ نے حکومت پاکستان سے مسئلہ کشمیر مؤثر اندازسے اٹھانے اور آسیہ اندرابی نے کشمیر میں غیر کشمیری آبادکاری کی نشاندہی کردی ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن کے قریب واقع شہر جارج ٹاؤن میں فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام مقبول بٹ کی شہادت کے حوالے کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی ،کانفرنس میں پادری مسٹر مارک ،سوزن بیکر ،اور مسٹر انٹھونی نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،جنید اقبال نے شہدائے کشمیر کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔
مشعال ملک نے کشمیروں کی حمایت پراہل پاکستان سے اظہار تشکرکیا، شوکت مقبول بٹ نے مقبول بٹ شہید کی جدوجہد پروشنی ڈالی جبکہ فرینڈزآف کشمیرکی چئیرپرسن غزالہ حبیب نے مسئلہ کشمیرعالمی سطح پراٹھانے کا مطالبہ کیا
سری نگر سے ٹیلی فونک خطاب میں حریت رہنما سید شبیر شاہ نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی ختم کرنے کی تجویزدی ،ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود پاکستان کے سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں،سید شبیر شاہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم حریت رہنماؤں کی سفری دستاویزات کی ضبطی کے بعد انہیں جبری محبوس رکھا جارہا ہے ،پاکستان کو عالمی برادی کے سامنے حقائق لانے ہونگے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کیلئے آواز اٹھانی ہوگی ۔
دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں ،مائیں بہنیں اور بیٹیاں دہشت زدہ ہیں فوجی کسی بھی گھر میں داخل ہوکر مردوں بچوں کو اغواکرکے لے جاتے ہیں مگر کشمیری آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں ۔
یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت پر اہل پاکستان کے شکر گزار ہیں،مشعال ملک نے بھارتی مظالم کیخلاف پورے پاکستان میں آگاہی مہم کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔
شوکت مقبول بٹ نے مقبول بٹ شہید کی جدوجہد کے بارے میں حاضرین کو تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ آخری وقت تک کشمیر کی آزادی کے بارے میں فکرمند تھے ۔
فرینڈزآف کشمیر کی چیئر پرسن غزالہ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، انہوں نے فرینڈزآف کشمیر کے پلیٹ فارم سےمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کانفرنس سےعشرت حسین،زبیرحسین،سجاداصغرآفتاب نذیر،زبیرحبیب،منظورحسین ،سردارصغیر،ناصرحبیب،سردار طارق،حائقہ خان نے بھی خطاب کیا۔