14 فروری ، 2017
وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیکٹا سمیت دوسرے ادارے مکمل طور پر فعال ہیں،دہشت گردوں کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کے ناپاک مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں لاہور دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی اظہار ہمدردی کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ درندہ صفت دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیکٹا اور انٹیلی جنس اداروں کی معاونت سے دہشت گردی کے واقعات میں80 فیصد کمی آئی، ہم وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک لڑتے رہیں گے۔
وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور دھماکے میں پولیس نے افسروں سے لے کر جوانوں تک جانوں کی قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دی ہیں، پولیس پر عمران خان کی تنقید افسوس ناک ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن شہیدوں کی ابھی تدفین بھی نہیں ہوئی ان پر عمران خان کی تنقید شرمناک ہے، عمران خان نیشنل ایکشن پلان میں کے پی حکومت کی کارکردگی پر غور کریں، جن شہیدوں پرعمران خان تنقید کر رہے ہیں ان پر ہمیں فخر ہے۔