پاکستان
14 فروری ، 2017

آرمی چیف کی لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل یقینی بنانے کی ہدایت

آرمی چیف کی لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل یقینی بنانے کی ہدایت

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لاہورمیں پی ایس ایل کا فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں خاتمہ کیا جائے گا،لاہورمیں پی ایس ایل فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا،اس سلسلے میں بھرپورمعاونت کی جائے گی۔

آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرر لاہور میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کور کمانڈرلاہور اور حساس اداروں کی جانب سے انہیں لاہور دھماکے پر بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کٹہرے میں لائیں گے اور انہیں بھرپور جواب دیں گے۔

آرمی چیف نے لاہور دھماکے کے مجرموں کی نشاندہی پر انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کے نتیجے میں اس سلسلے میں چند افغانوں کی گرفتاری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک کو مکمل طو رپر بےنقاب کریں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،لاہور دھماکے جیسے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف کوششوں پر اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں شکار اور خاتمہ کیا جائے گا، ایسے واقعات سے ہمارے قومی عزم میں کمی نہیں آئے گی، دہشت گردوں کے نیٹ ورک کےخاتمے کی کوششیں تیزکی جائیں،اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ لاہور میں مال روڈ دھماکے میں شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین کے گھر بھی گئےاور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے شہید احمد مبین کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔

آرمی چیف سروسز اسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

مزید خبریں :