15 فروری ، 2017
اسٹیو اسمتھ کی قیادت میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی۔ دونوں ٹیمیں چار ٹیسٹ کی سیریز میں بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے برسرپیکار ہوں گی۔ سیریز کا پہلا میچ 23فروری سے پونے میں کھیلا جائے گا۔
اس سے پہلے ٹیم برابورن اسٹیڈیم میں 17سے 19 فروری کے درمیان بھارت اے کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔ دبئی سے ممبئی آمد کے ساتھ ہی کپتان اسٹیون اسمتھ میزبان سائیڈ پر زبانی طور پر حملہ آور ہوگئے۔
اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہم اپنا فطری انداز تبدیل نہیں کرینگے ،کسی بھی حریف کے خلاف مثبت سوچ اور رنز کی حصول اہم ترین عنصر ہوتا ہے۔ میں یہ بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بھارتی کھلاڑی ہمارے تیز وتند جملوں سے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ بھارتیوں کو چاہیے کہ اس کے لیے تیار رہیں۔
اسمتھ کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ دورے زیادہ اچھے ثابت نہیں ہوسکے ہیں لیکن اس بار سب کی خواہش ہے کہ خوشگوار یادیں لے کر وطن لوٹیں۔ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہم فطری طور پر جارحیت اپنائیں گے، کیونکہ دفاعی پوزیشن اکثر مشکل میں ڈال دیتی ہے۔
کپتان نے تسلیم کیا کہ ہوم سائیڈ کے کو بہترین اسپنرز کے ساتھ ساتھ اچھے فاسٹ بولرز کی خدمات بھی حاصل ہیں ، پسرز نہ صرف نئی گیند کا بہترین استعمال کرتے ہیں بلکہ پرانی گیند سے ریورس سوئنگ بھی کراسکتے ہیں۔
ایسے میں ہمارے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو بھاری ذمہ داری عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ روی چندرن اشون اور رویندرا جدیجہ کی اسپن جوڑی آسٹریلیا کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن سکتی ہیں۔
اس سے پہلے سخت حریف بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو ممبئی پہنچتے ہی جھٹکا لگا۔ کھلاڑی جب ممبئی ایئرپورٹ پر اترے تو کوئی بھی ان کی مدد کیلیے موجود نہ تھا۔
عام طور پر بھارتیوں کا مہمانوں کو والہانہ انداز میں استقبال کرنے کیلئے جانا جاتا ہے ،لیکن پیر کی شب ممبئی ایئرپورٹ پر منظر کچھ اور ہی تھا، جب کھلاڑیوں کی مدد کیلیے کوئی نہ آیا تو لوگوں نے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو اپنا سامان خود ہی ٹرالیوں پر لوڈ کرتے دیکھا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل ٹیم کی آمد کے موقع پر ہر طرح سے خیال رکھا جانا میزبان کرکٹ بورڈ کا فرض ہے لیکن دنیا کا امیر ترین بورڈ اپنا فرض نبھانے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں کے لئے اپنی 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
بورڈ نےٹیم میں ان تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو بنگلہ دیش کے خلاف حیدرآباد ٹیسٹ میں شامل تھے۔بھارت نے بنگلہ دیش کو واحد ٹیسٹ میں 208 رنز سے شکست دی تھی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان ویرات کوہلی، ایشون، روندرا جدیجہ، بھونیشور کمار، ابھینائو مکنڈ، کرون نائر، ہردیک پانڈیا، چیتشورپجارا ، اجنکیارہانے، لوکیش راہول، ردھیمن ساہا، ایشانت شرما، مرلی وجے، جیانت یادیو، اومیش یادیواور کلدیپ یادیو پر مشتمل ہے۔