21 فروری ، 2017
بالی وڈ کی حسینہ انوشکا اب بھوت بن کر ”بینڈ باجا بارات“ لانے کیلئے تیار ہیں۔جی ہاں!انوشکا ”بھوت “ بن گئی ہیں ،وہ بھی اپنی مرضی سے، اپنے پیسوں سے فلم ”فلوری“ میں۔
فلوری انوشکا شرما کی بطور پروڈیوسر دوسری فلم ہے ،اس سے پہلے انوشکا نے روڈ تھرلر ”این ایچ10“ بنائی تھی جو کم لاگت اور زیادہ کمائی کی وجہ سے سپر ہٹ ہوئی۔اُس فلم میں بھی انوشکا کے علاوہ کوئی اور سپر اسٹار تھا نہ اِس فلم میں ان کے سامنے کوئی مشہور ہیرو ہے۔
”فلوری“ میں پنجاب کے فلیور کا زبردست تڑکہ لگا ہوا ہے۔انوشکا پر بھی بھوت دلہن کا روپ پورا چڑھا ہے۔فلوری کی ریلیز میں ابھی پورا مہینہ باقی ہے لیکن فلم کے ٹریلر اور گانے نے دیکھنے والوں کے دل میں جگہ فورا پالی ہے۔انوشکا اداکارہ تو ہیں ہی اچھی لیکن وہ بطور پروڈیوسر ”ہٹ کے“ فلم بناتی ہیں اور اس میں سپر اسٹارز کا سہارا بھی نہیں لیتیں۔
وہ زمانے گئے جب بھوت صرف ڈرانے کے کام آتے ہیں،اب تو بھوت یا” گھوسٹ“اسکرین پر رومانس بھی کرتے ہیں اور گانے بھی گاتے ہیں اور تو اور خوب ساری کامیڈی بھی کرتے ہیں۔بالی وڈ میں بڑے بڑے اسٹار بھوت بن چکے ہیں۔بگ بی کی ”بھوت ناتھ“اتنی پسند کی گئی کہ وہ ”بھوت ناتھ ریٹرنز“ میں دوبارہ بھوت کے کردار میں آئے۔
سلمان خان کو ان کے بھائی سہیل خان نے ”ہیلو برادر“ میں ایسا بھوت بنایا کہ فلم باکس آفس پر ڈبہ ثابت ہوئی۔اجے دیوگن ”کال“ سے دیکھنے والوں کو ڈرانے میں کامیاب رہے۔کنگ خان نے ”پہیلی “میں بھوت بن کر رومانس کیا ،شاہ رخ خان خود اپنی فلم ”چمتکار“ میں نصیرالدین شاہ کو بطور مدد گار بھوت بھگت چکے تھے۔بادشاہ کی ہی ”اوم شانتی اوم “ میں دیپیکا پڈوکون بھی مرنے کے بعد اپنا انتقام لیتی ہے۔
ایسا ہی کچھ کردار تیس سال پہلے فلم ”بیس سال بعد“ میں ڈمپل نے ادا کیا تھا۔ اس فلم میں متھن چکروتی بھی میناکشی کے ساتھ موجود تھے۔فردین خان کی ”ڈارلنگ“ میں ایشا دیول بھوت بن کرفردین کی زندگی اجیرن کردیتی ہیں۔
ارے ابھی اس بھوت کہانی میں بہت سے ستارے بہت سی حسینہ ابھی باقی ہیں۔کرینہ کپور ”تلاش“ میں چپ چپ بڑا کردار کر گئیں۔تلاش میں بھوت کرینہ کے ہاتھوں مرنے والے ”تیمور“ نواز الدین صدیقی فلم ’آتما “ میں بھوت بن کر اپنی بیوی بپاشا کو ڈراتے ہیں کلک ۔
اب بپاشا جو ”ڈراوٴنی فلموں کی ملکہ“ ہیں انہوں نے کئی فلموں میں بھوت کا مقابلہ بھی کیا لیکن فلم ”آلون “ میں خود بھوت بن گئیں۔وویک اوبرائے اور ارجن رام پال دونوں نے ’ڈرنا منع ہے‘ اور’ ڈرنا ضروری ہے‘ میں”گھوسٹ“ کے کردار نبھائے۔
پڑھ لیا آپ نے بالی وڈ تو پورا ”گینگ آف گھوسٹ“ نکلا ۔ابھی تو اور بھی نام باقی ہیں لیکن یہاں تک جو بچ گیا وہ بچ گیا۔ بچ تو ورون دھون بھی گئے تھے سلمان خان سے ورنہ زور کا تھپڑ دھیرے سے لگتا!
’جڑواں‘ کی شوٹنگ کے دوران ورون جب صرف سات سال کے تھے تو انھوں نے سلمان کو ”انکل“ کہہ دیاتھا ۔سلمان بھی دبنگ خان تھے جانتے تھے بہت جلد یہ لڑکا ہیرو بن جائے گا،انھوں نے اُسی وقت ورون کو کہا کہ انکل نہیں ”سلمان بھائی“بولو ورنہ تمہاری پٹائی لگاوٴں گا۔
یہ راز کسی اور نے نہیں خود ورون نے ”جڑواں ٹو“ کی تقریب میں سب کو ہنستے ہوئے بتایا۔’جڑوا ں‘ سلمان خان کی فلم کا ریمیک ہے جس میں بہت سارا مسالحہ ڈالا گیا ہے۔جڑواں سلمان خان کی پہلی فلم تھی جس میں انھوں نے جڑواں بھائیوں کا کردار ادا کیاتھا۔کنگ خان ڈپلی کیٹ،کرن ارجن،پہیلی اور فین میں ڈبل رول کرچکے ہیں لیکن ان میں سے کوئی فلم جڑواں بھائیوں کی کہانی نہیں تھی بلکہ ہم شکل افراد کی اسٹوری تھی۔
یہ بالکل ایسا ہے جیسے فلم مہان اور طوفان میں تو امیتابھ جڑواں بھائی ہوتے ہیں لیکن فلم ڈان اور ستے پہ ستہ کی کہانی دو ہم شکل انسانوں کی ہوتی ہے۔عامر خان دھوم تھری میں جڑواں کردار میں نظر آچکے ہیں۔
یہ اب تک جڑواں بھائیوں پر بننے والی سب سے کامیاب فلم ہے۔یعنی سب سے پہلے سو کروڑ ، پھر دو سو کروڑ پھر تین سو کروڑ کی فلم کا اعزاز، پھر دنگل کا 386کروڑ کا ریکارڈ اور دنیا میں سب سے کامیاب بالی وڈ فلم پی کے کا 780کروڑ کا ریکارڈ اور ودھو ونود چوپڑا کہتے ہیں عامر باکس آفس کا کنگ نہیں باکس آفس کا کنگ تو کسی فلم کی کہانی ہوتی ہے۔
یہ بات کوئی شاعر کہتا، کوئی رائٹر کہتا سمجھ میں آتی لیکن ایک ڈائریکٹر یہ بات کیسے کہہ سکتا ہے۔فلم ایک پیکیج ہوتا جس میں اداکار اور فلم کا ٹریٹمنٹ سب سے اہم ہوتے ہیں۔ایک جیسی کہانی پر بننے والی فلمیں بھی اپنے ٹریٹمنٹ ،میوزک ،اور اداکاروں کی وجہ سے کامیاب ہوتی ہیں۔ودھو خودتھری ایڈیٹس اور پی کے جیسی فلموں کے پروڈیوسر ہیںلیکن یہی ودھو ایک اچھا ڈائریکٹر تو ہے لیکن کامیاب بالکل نہیں۔
ونودچوپڑا نے بطور ڈائریکٹر سوائے پرندے کے کوئی ہٹ فلم نہیں بنائی۔ دوسری طرف بالی وڈ کی سب سے ناکام فلم ”بروکن ہارسز“ کے کپتان بھی یہی ونود چوپڑا تھے۔شاید ابھی تک ونود چوپڑا عامر نہیں شاہ رخ کے دیوانے ہیں جوان کے اصلی منا بھائی تھے لیکن کمر میں تکلیف کی وجہ سے شاہ رخ کا کردار سنجے دت کو مل گیا اور سنجے دت کا سرکٹ کا کردار ارشد وارثی کو۔۔ جس کے بعد جو کچھ ہوا سب جانتے ہیں۔
شاہ رخ اور ونود چوپڑا کا اسکرین پر ملن تو نہیں ہوسکا لیکن شاہ رخ کو اپنی پرانی کھوئی ہوئی آواز مل گئی ہے۔سونو نگم جنھوں نے کنگ خان کیلئے پردیس کا ”یہ دل دیوانہ“گایاپھر ”میں ہو نا“ کا ٹائٹل سانگ پھردل سے کا ”ست رنگی“ پھر” کل ہونا ہو“ کا ٹائٹل سانگ پھرکبھی الواداع نہ کہنا جیسے کئی سپر ہٹ گانے گائے اب 8سال بعد رئیس کے گانے”ہلکا ہلکا“ میں شاہ رخ کی آواز بنے ہیں۔
سونو نے شاہ رخ کیلئے آخری گانا فلم ”رب نے بنادی جوڑی“ کیلئے گایا تھا۔ویسے تو” بمبئے ٹاکیز“ میں بھی شاہ رخ کی آواز سونو ہی بنے تھے لیکن وہ پروموشنل ویڈیو سانگ تھا فلمی گانا نہیں۔