21 مارچ ، 2017
ورون دھون نئے ہیروز میں ”ہیرو نمبر ون“ ہیں۔انھوں نے کامیابی کا ایسا چھکا لگایا جو عامر خان ،شاہ رخ خان ، سلمان خان اور ریتھک روشن بھی اپنے کیریئر کی شروع میں نہیں لگاسکے تھے۔
ورون دھون نے پانچ سال میں آٹھ فلمیں کی، ساری کی ساری ہٹ یا سپر ہٹ۔اپنی فیورٹ ہیروئن عالیہ بھٹ کے ساتھ ان کی مسلسل تیسری فلم”بدری ناتھ کی دلہنیا“ نے بھی زبردست کمائی کی ۔ورون کو اس بار ہالی وڈ کے ایکس مین”لو گن“ کے وار اور جنگل کے بادشاہ ”کنگ کانگ“ کی دھاڑ سے خطرہ تھا لیکن ورون اور عالیہ کی جوڑی نے سب کو ہرا کر سو کروڑ کا چھکا بھی لگادیا۔
اس ہفتے آنے والی فلموں”آگیا ہیرو“ اور ”مشین“کو بھی ”بدری کی دلہنیا “ کی وجہ سے بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔”آگیا ہیرو“ گوندا کی فلم تھی جو کبھی”ہیرو نمبر ون “ کہلاتے تھے لیکن” آگیا ہیرو“ کب آئی اور اتری کسی کو پتہ بھی نہ چلا۔”بدری ناتھ کی دلہنیا“ تین سال پہلے ریلیز ہونے والی فلم ”ہمپٹی شرما کی دلہنیا “ کا سیکوئل تھی لیکن دونوں کی کہانیاں بالکل الگ الگ لیکن نتیجہ ایک جیسا آیا۔اسی لیے اب ورون اور عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم کے تیسرے حصے کیلئے بھی باتیں شروع ہوگئی ہیں۔
عالیہ بھٹ کے کیریر میں بھی ابھی تک صرف فلم”شاندار“ کی ناکامی کا داغ ہے باقی ان کی تمام فلمیں ہٹ ہوئیں اور ان کی ایکٹنگ کی بھی خوب تعریف ہوئی۔گوندا کی فلم”آگیا ہیرو“ بہت چھوٹے بجٹ کی اور ”بی“ کیٹگری کی فلم تھی ۔بڑے بجٹ کی ”مشین“ بازیگر سے ملتی جلتی کہانی ، کمزور اسٹار کاسٹ اور میوزک کی وجہ سے ناکام ہوئی لیکن اس ہفتے کا سرپرائز نکلی راجکمار راوٴ کی فلم ” ٹریپڈ“۔نئی بلند بلڈنگ کے نئے فلیٹ میں ”لاک“ ہوجانے کے بعداپنے آپ کو زندہ رکھنے اور بچانے کی کہانی”ٹریپڈ“ چھوٹے بجٹ کی بڑی فلم نکلی۔
فلم میں تھوڑے بہت جھول ضرور ہیں لیکن اس طرح کی کہانی پر فلم بنانا آسان نہیں تھا ،دوسرا راجکمار راوٴ کی جاندار ایکٹنگ کی وجہ سے فلم دیکھتے آپ کئی جھول معاف بھی کردیتے ہیں۔فلم کا نتیجہ باکس آفس پر اتنا برا بھی نہیں لیکن راج کمار راوٴ نے اپنی ایکٹنگ کی وجہ سے ابھی سے کئی ایوارڈز کی لسٹ میں اپنا نام لکھوادیا ہے۔نام تو تیلگو فلم”باہو بلی“ نے بھی لکھوادیا ہے اب تک کی سب سے مہنگی بھارتی فلم بن کر، دو سو کروڑ سے زائد کی میگا بجٹ اس فلم کے ٹریلر نے دنیا بھر میں دھوم مچادی ہے۔اب تک یعنی صرف 6دنوں میں تامل ، تیلگو اور ہندی زبان میں ریلیز ہونے والے اس فلم کے ٹریلر زکو انٹر نیٹ پر10کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
دلچسپ بات ہے کہ ”باہو بلی“ جیسی بڑی فلم کے ٹریلر کو بھی آفیشل ریلیز سے پہلے فیس بک پر ”لیک“ ہونے بچایا نہیں جاسکا۔فلم کا ٹریلر بہت تیز اور ایکشن سے بھر پور ہے۔ساوٴنڈ ایفکٹس اور ڈائیلاگز کم لیکن بیک گراوٴنڈ میوزک اور ویژول ایفکٹس بہت زیادہ ہیں۔”باہو بلی 2“ کی ریلیز سے ایک ہفتے پہلے پرانی باہو بلی کو پھر سے ریلیز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ بڑی فلم کو بڑے پردے پر دیکھ سکے۔باہو بلی نے دنیا بھر میں 6سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔فلم کے ستاروں کو تو پاکستان میں زیادہ لوگ نہیں جانتے لیکن پھر بھی یہاں سب کو فلم کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار ہے۔
باہو بلی کی دونوں فلموں پر 450کروڑ سے بھی زیادہ لاگت آئی دونوں فلموں کو بنانے میں پانچ سال کا لمبا وقت لگا۔فلم کے کرداروں میں ڈوبنے کیلئے ہیرو”پربھاس“ اور ولن ”رانا دگوبتی“ نے ان پانچ سالوں میں صرف باڈی بلڈنگ اور ایکشن سینز کی ٹریننگ لی اور شوٹنگ کی۔ان دونوں کا دعویٰ ہے کہ فلم میں ان دونوں کرداروں کو مضبوط اور جاندار دکھانے کیلئے کسی قسم کے ویژول ایفکٹس کا سہارا نہیں لیا گیا۔”باہو بلی 2“اپریل کے آخر میں ریلیز ہوگی۔
اپریل میں ہی ریلیز کیلئے تیار ودیا بالن کی ” بیگم جان“ کا بھی ٹریلر آگیا ہے ۔بیگم جان 14اپریل کو ریلیز ہوگی۔فلم کی” کہانی“ 1947 کی ہے ۔اس فلم کو ”صرف بالغان “کیلئے ریلیز کیا جائے گا کیونکہ فلم میں ”ڈرٹی پکچر“ کی طرح کے مناظر اور” ڈیڑھ عشقیہ“ جیسے ”مکالمے “اور انہی دونوں فلموں میں ودیا کے محبوب نصیر الدین شاہ بھی ہیں۔ بیگم جان ودیا کی ڈرٹی پکچر اور ڈیڑھ عشقیہ کے مقابلے میں بہت زیادہ سنجیدہ اور حساس فلم ہے۔ویسے ”شادی کے سائیڈ ایفکٹس“ کے بعد سے ودیا کا کیریر ابھی تک ” گھن چکر“ بنا ہوا ہے۔
ودیا چار سالوں میں مسلسل 6فلاپ فلمیں دے چکی ہیں پھر ” بیگم جان “ میں ایسے اداکار بھی ہیں جنھیں زیادہ تر لوگ بھول ہی چکے ہیں ان میں ”چنکی پانڈے “ اور ”ویوک مشران“ بھی شامل ہیں۔یعنی فلم بنانے والے نے بڑا جوا کھیلا ہے۔جوا تو خیر شاہ رخ خان بھی کھیل رہے ہیں ”بونے“ کا کردار نبھا کراور فلم بنانے والوں نے بھی شاہ رخ پر 150کروڑ لگا کر داوٴ لگایا ہے کیونکہ شاہ رخ خان کا کیریئر مسلسل نیچے کی طرف جارہا ہے۔سلمان اور عامر کے پھر سے برابر آنے کیلئے کنگ خان کوصرف بھارت میں اپنی اگلی فلم سے کم سے کم 300کروڑ کا چھکا لگانا پڑے گا۔
اس وقت تین سو کروڑ کا ہدف بازیگر کیلئے نا ممکن لگتا ہے۔دنیا بھر میں عامر خان کی فلمیں سات سو کروڑ سلمان کی فلمیں چھ سو کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں لیکن شاہ رخ خان ابھی تک پانچ سو کروڑ کا اسٹاپ بھی کراس نہیں کرسکے۔شاہ رخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ”چنئی ایکسپریس“ ہے جس نے دنیا بھر میں صرف 422کروڑ کمائے تھے۔چنئی ایکسپریس 2013میں ریلیز ہوئی تھی ۔
اس سال ریلیز ہونے والی شاہ رخ کی ایکشن اور اینٹر ٹینمنٹ سے بھرپور فلم ”رئیس“ دنیا بھر میں تین سو کروڑ بھی نہیں کماسکی اور 295 کروڑ کما کر ہی ہمت ہار گئی۔شاہ رخ کے ستارے اتنے گردش میں ہیں کہ ٹی وی شو ”کافی ود کرن“ کے ایوارڈ شو میں میں بھی فیورٹ پرفارمنس کا ایوارڈسلمان خان لے اڑے شاہ رخ کو یہاں بھی کچھ نہیں ملا۔