28 مارچ ، 2017
کنگ خان کے چاہنے والو ں کو ”کچھ کچھ ہوتا ہے“ کیونکہ بڑی خبر یہ ہے کہ شاہ رخ خان اور کرن جوہر کی کامیاب جوڑی کئی سالوں بعد پھر سے ایک ساتھ نظر آئے گی۔بالی وڈ میں صرف ہیرو اور ہیروئن کی ہی نہیں یا اداکار اور گلوکار کی ہی نہیں بلکہ ڈائریکٹر اور ایکٹر کی بھی ”جوڑی“ ہوتی ہے۔
اب اس جوڑی کو کچھ لوگ”بلاک‘ کچھ لوگ ”کیمپ“ تو کچھ لوگ’’ کیمسٹری‘‘ کہتے ہیں۔ بگ بی کی پرکاش مہرہ،من موہن ڈیسائی اور یش چوپڑا کے ساتھ جوڑی کامیاب رہی لیکن اب بالی وڈ کی ”سرکار“ کی قسمت میں رام گوپال ورما ہیں۔
ڈیوڈ دھون اور گووندا کئی فلموں میں”پارٹنر“ تھے یہ بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑی تھی لیکن اب گووندا ڈیوڈ کا نام بھی سننا پسند نہیں کرتے۔سبھاش گھئی نے جیکی شیروف اور انیل کپور کے ساتھ کئی ہٹ فلمیں دیں۔سنجے گپتا اور سنجے دت نے بھی جوڑی بنائی لیکن کسی کام نہیں آئی۔اکشے کمار پہلے وپل شاہ اب نیرج پانڈے کے ساتھ کام کرتے نظر آتے ہیں،اجے دیوگن کا ”گول مال“ روہت شیٹی کے ساتھ کامیاب ہے۔
سلمان خان پہلے سورج برجاتیہ کے ”پریم“ بنے پھرڈیوڈ پھر کبیر خان کے ساتھ جوڑی بنی۔” دبنگ خان“ اب علی عباس ظفر کے” سلطان“ ہیں۔عامر خان راجو ہیرانی کے ”ایڈیٹس “ اور ”پی کے “ بنے۔
شاہ رخ خان بہت سارے فلم بنانے والوں کے ”گڈو“تھے جیسے یش چوپڑاان کے بیٹے آدی چوپڑا،عزیز مرزا،فرح خان اور روہت شیٹی لیکن سب سے بڑھ کر کرن جوہر۔
کرن جوہر اور شاہ رخ خان نے ”کچھ کچھ ہوتا ہے“پھر ”کبھی خوشی کبھی غم“پھر ”کبھی الوداع نہ کہنا“ پھر”مائی نیم از خان“ کے ساتھ چار فلمیں بطور ہیرو اور ایک فلم ” اے دل ہے مشکل“ بطور مہمان اداکار کی ۔یعنی اس ایک فلم کی وجہ سے کرن جوہر شاہ رخ خان کے ساتھ چار چار فلمیں کرنے والے یش چوپڑا اور عزیز مرزا سے آگے نکل گئے۔
ان میں سے یش چوپڑا کی ”جب تک ہے جان“ رہی انھوں نے ”ڈر“ کے بعد سے صرف شاہ رخ کیلئے ہی فلمیں بنائیں۔عزیز مرزا نے ہی اس ”راجو بن گیا جنٹلمین“ کو چانس دیا پھر”یس باس“ بنایا اور ”چلتے چلتے“ چار فلمیں شاہ رخ کے ساتھ بنائیں۔شاہ رخ اور کرن”پروفیشنل “سے زیادہ” پرسنل“ دوست ایک دوسرے کیلئے بھائی بھائی ہیں ،ہمیشہ ایک دوسرے کیلئے کھڑے نظر آتے ہیں۔
دونوں نے جب بھی ایک ساتھ فلمیں بنائی ان میں شاہ رخ کا کردار سب پر بھاری نظر آتا تھا ،اب چاہے اُن فلموں میں سلمان خان ہوں امیتابھ یا پھر رتھک روشن سب سے آگے شاہ رخ خان کیونکہ اس وقت شاہ رخ خان ہی بالی وڈ کے کنگ تھے لیکن اب ایسا نہیں۔
شاہ رخ اور کرن جوہر دونوں بطور ہیرو اور ڈائر یکٹر اب ٹاپ تھری لسٹ سے باہر ہیں۔اب نئی فلم میں ان دونوں کے ساتھ کاجول بھی نہیں ہوں گی جن کے ساتھ کَرن کی لڑائی ہوگئی ہے۔
دوسرا اب نئی فلم میں شاہ رخ کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے رنبیر کپور جو” اے دل ہے مشکل“ کی وجہ سے ہی دوبارہ تھوڑے سے کامیاب ہوگئے ہیںلیکن سنجے دت کا اسکرین پر کردار نبھانے والے رنبیر کپور کی ”دَت“ ہٹ ہوگئی تو وہ شاہ رخ کے سامنے تھوڑا سا کمزور کردار بھی ٹھکرادیں گے۔