03 جولائی ، 2012
واشنگٹن…امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان نیٹو سپلائی بحال کررہا ہے،سلالہ معاملے پر امریکا اپنی غلطی تسلیم کرتا ہے۔واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان سے سلالہ حملے پر پاکستان سے معافی مانگ لی گئی ہے۔امریکی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے ہم سے غلطی ہوئی تھی۔تازہ ترین اطلاع کے مطابق مسز کلنٹن نے وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کو فون کرکے سلالہ معاملے پر امریکا کی جانب سے معذرت کی ہے۔۔یاد رہے کہ ایساف کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے گزشتہ چند روز میں پاکستان کے دو دورے کیے اور انھوں نے آرمی چیف سمیت اعلیٰ پاکستان سیکورٹی حکام سے ملاقات کی تھی جبکہ اس سے قبل نائب امریکی وزیرخارجہ بھی پاکستان کا دورہ کرکے پاکستانی حکام سے نیٹو سپلائی معاملے پر مذاکرات کیے تھے۔۔نیٹو سپلائی گزشتہ سال 26نومبر کو سلالہ حملے کے اگلے روز سے پاکستان نے بند کردی تھی۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان موجود کشیدگی میں کمی آجائے گی۔