خصوصی رپورٹس
29 مارچ ، 2017

سلمان خان بالی وڈ کا ”رئیس“

سلمان خان بالی وڈ کا ”رئیس“

رستم ،اکشے کمار،رئیس ،شاہ رخ خان،قابل ،رتھک روشن اور دنگل کے پہلوان عامر خان سب کے سب پیچھے رہ گئے ۔بالی وڈ کے سب سے بڑے خان سلمان خان نے ٹیکس دینے میں بھی سب ہیروز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلم میں پہلوانی کے ”سلطان“ اور ٹی وی کے اس ”بگ باس“ نے اس سال 44کروڑ کا ٹیکس ادا کیا ہے۔سلمان خان نے پچھلے سال 32کروڑ کا ٹیکس ادا کیا تھا یعنی اشتہارات ،فلمز اور ٹی وی شوز سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ٹیکس بھرنے میں سلمان خان نے اس سال 12کروڑ کی ترقی کی ۔

سلمان خان نے پچھلے سال کمائی میں 270روپے کمائے تھے اور کمائی کے میدان میں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔پچھلے سال سلمان خان کی فلم تو ایک سلطان ہی ریلیز ہوئی تھی لیکن سلمان خان نے فلم سے زیادہ پیسے اشتہارات اور اشتہارات سے بھی زیادہ ٹی وی شوز کی میزبانی سے اپنے اکاوٴنٹ میں ٹرانسفر کیے۔

فلم سلطان نے پوری دنیا میں 500کروڑ سے بھی زیادہ کمائے تھے لیکن اس فلم کے پروڈیوسر ”یش راج“ تھے ۔

اس سال سلمان خان کی دو فلمیں ریلیز ہونگی۔پہلی سے سلمان کو کم سے کم بھی 200کروڑ ملیں گے کیونکہ ”ٹیوب لائٹ “سلمان خان کی اپنی ہوم پروڈکشن ہے یعنی وہ بطور ہیرو بھی کمائیں گے اور بطور پروڈیوسر بھی۔تو اگلے سال بھی ٹیکس دینے کی دوڑ میں سلمان کو ہرانا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہوگا۔۔۔۔۔ٹیکس کے میدان میں” سلطان“ کے بعد”رستم“ اکشے کمارکا ہی نام آنا چاہیے تھا۔

اکشے کمار نے اس سال29کروڑ کا ٹیکس ادا کیا ہے۔اکشے کمار کا بزنس ماڈل سب کیلئے رول ماڈل ہے، وہ سال میں تین چار فلمیں کرتے ہیں،ایک آدھ کے وہ ”کو پروڈیوسر“ بھی ہوتے ہیں۔پچھلے سال بھی ان کی مسلسل تین فلموں ایئر لفٹ،رستم اور ہاوٴس فل تھری نے سو سو کروڑ کے چھکے لگائے ،اشتہاروں کی آمدنی الگ تھی۔

اکشے کمار پچھلے سال بھی سلمان خان کے بعد دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ان کی مجموعی آمدنی 203کروڑ روپے تھی۔سلمان خان کی طرح اکشے کمار کی اگلے سال دوسری پوزیشن پکی نہیں کیونکہ عامر خان نے ”دنگل “ سے کروڑوں کا چھکا لگایا ہے اور اس فلم سے حاصل ہونی والی آمدنی پر عامر خان اگلے سال ٹیکس دیں گے۔لیکن اس سال ٹیکس دینے کے مقابلے میں وہ دوسرے نمبر کے بعد تیسرے نمبر پر بھی نہیں آئے تیسری پوزیشن ملی ہے پچھلے سال”موہن جو دڑو“ جیسی بڑی فلاپ دینے والے رتھک روشن کو ۔

رتھک روشن کو فلم موہن جو دڑو کیلئے 50کروڑ کا ریکارڈ معاوضہ ملا تھا۔اس سال قابل نے پیسہ کمایا تو ظاہر ہے اگلے سال رتھک روشن کی رپورٹ اور اچھی آئے گی۔

ہر سال ایک لیکن سب سے کامیاب فلم دینے والے عامر خان نے صرف 14کروڑ کا ٹیکس ادا کیا ہے،یعنی عامر خان ٹیکس دینے میں رنبیر کپور تک سے بھی پیچھے رہے جنھوں نے23کروڑ کا ٹیکس ادا کیا۔

اتنا پیچھے رہ جانے پر عامر خان کے فین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ عامر نے ٹیکس کیلئے گنے جانے والے عرصے میں کوئی فلم نہیں کی ،لیکن اگلے سال عامر کانمبر پہلا نہیں تو دوسرا پکا ہے کیونکہ ان کی فلم دنگل نے دنیا بھر میں 750کروڑ کا بزنس کیا۔

عامر اس فلم کے ہیرو اور پروڈیوسر بھی تھے یعنی کم سے کم آمدنی 200کروڑ پکی ہے۔ عامر سلمان سے آگے نہیں نکل سکتے کیونکہ سلمان ٹی وی شو ”بگ باس“ کی ایک قسط کا معاوضہ پانچ کروڑ لیتے ہیں۔

ٹی وی شو ز کی کمائی کتنی اہم ہے اس بات کا اندازہ کپل شرما کی پرفارمنس دیکھ کر ہوتا ہے جنھوں نے کئی ہیروز سے زیادہ کمائی کی اور ٹیکس ادا کیا۔

کپل شرما نے اپنے پچھلے سال کی کمائی پر 23کروڑ کا ٹیکس ادا کیا ہے،یعنی کپل شرما ٹیکس دینے کی لائن میں سلمان،اکشے اور رتھک کے بعد چوتھے نمبر پر آئے ہیں۔

بالی وڈ کی حسینائیں ہالی وڈ جا پہنچیں لیکن ”انکم“ اور ”ٹیکس“ کے میدان میں وہ اب بھی ہیروز سے بہت پیچھے ہیں۔باجی راوٴ مستانی اور پیکو جیسی بڑی ہٹ اور اشتہاروں کی وجہ سے دیپیکا پڈوکون نے اس سال دس لاکھ روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔

دوسرا نمبر عالیہ بھٹ کا آیا جن کو ایوارڈز تو سارے مل گئے لیکن ابھی اسٹار ڈم میں ان کا کترینہ اور دیپیکا سے کوئی مقابلہ نہیں۔

مزید خبریں :