30 مارچ ، 2017
عامر خان نے ’دنگل‘ میں، سلمان خان نے ’سلطان‘ میں پہلوانی دکھا کر جتنے ریکارڈز بنائے اب ایک ایک کر کے سب ٹوٹنے والے ہیں، دوسرے گولے سے آئے’پی کے‘ کا ریکارڈ بھی خطرے میں ہے،کون ہے جو ان کے ریکارڈز کے پیچھے پڑ گیا ہے؟ بالی وڈ کا ’رئیس‘ شاہ رخ خان نہیں! ان کیلئے تو کروڑوں کی ڈبل سنچری بنالینا بھی اب مشکل ہی نہیں ناممکن ہوتا جارہا ہے۔
’رستم‘ اکشے کمار بھی نہیں کیونکہ ان کا بزنس 100سے 150کروڑ تک رہتا ہے، ریتک روشن، اجے دیوگن اور رنبیر کپور تو مقابلے میں ہیں ہی نہیں، دنگل، سلطان اور پی کے کے ریکارڈ کو بالی وڈ سے کوئی خطرہ نہیں، ان فلموں کے ریکارڈز توڑنے آرہا ہے تیلگو فلموں کا راجکمار’باہو بلی‘ وہ بھی اپریل کے آخر میں۔
’تیلگو‘ فلمیں ممبئی میں نہیں حیدر آباد دکن میں بنتی ہیں اور ان کی زبان ہندی نہیں تیلگو ہوتی ہے جنہیں تامل اور ملیالم میں بھی ڈب کر کے پیش کیا جاتا ہے، ’باہو بلی 2‘ ریلیز ہونے سے پہلے ہی بھارت کی سب سے مہنگی فلم بن چکی ہے، اس میگا فلم کا بجٹ250کروڑ ہے۔
دو سال پہلے باہو بلی کے سیٹ، لوکیشن، کاسٹیوم، میک اپ اوراسپیشل ایفکٹس نے سب کو حیران کر دیا تھا، فلم کسی بھی طرح ہالی وڈ کی فلموں سے کم نہیں تھی بلکہ اس میں گانوں اور ’آئٹم سانگ’ کا تڑکہ بھی تھا جو ہالی وڈ میں نہیں ہوتا، اس بار بھی فلم کے ٹریلر نے آتے ہی دھوم مچادی، اس فلم کے مختلف زبانوں کے ٹریلر کو انٹر نیٹ پر 15کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے،صرف ہندی فلموں کی بات ہو تو اب تک اس فلم کے ٹریلر کو 4کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
فلم کی ریلیز سے پہلے ہی یہ ٹریلر رئیس اور دنگل کی ہٹس کا ریکارڈ توڑ دے گا، دنگل اور رئیس کو یو ٹیوب پر 5کروڑ بار دیکھا گیا ہے، مہنگی ترین بھارتی فلم اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹریلر کا اعزاز تو اس فلم کو ریلیز سے پہلے ہی مل جائےگا، پھر باری آئے گی پہلے دن کمائی کے ریکارڈ کی، باہو بلی سلمان خان کی ’سلطان‘ کے 42کروڑ کی اوپننگ کو آسانی سے توڑ دے گا بلکہ ہوسکتا ہے یہ بھارت کی پہلی فلم بن جائے جو پہلے ہی دن کروڑوں کی ففٹی بنائے۔
اسی طرح اب تک تیز ترین سو کروڑ کا ریکارڈ سلمان کی سلطان اور بجرنگی بھائی جان اور عامر کی دنگل کے پاس ہے، ان تینوں فلموں نے سو کروڑ کی سنچری پہلے تین دن میں بنائی، ان میں سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ سلطان کے پاس ہے، یہ دونوں ریکارڈز بھی باہو بلی توڑ دے گا بلکہ باہو بلی پہلے دو دن میں سو کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بھی بن سکتی ہے۔
دنیا بھر میں بزنس کی بات ہو تو ’باہو بلی ‘ کے پہلے حصے نے 650کروڑ کمائے تھے، یعنی دنیا بھر میں حکمرانی کیلئے ’باہو بلی2‘ کی ٹکر صرف عامر خان سے ہے، سلمان خان تو اس مقابلے سے باہر ہیں کیونکہ ان کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ ہے، جس نے صرف 625کروڑ کمائے تھے۔
دنگل نے دنیا بھر میں 730کروڑ کمائے لیکن باہو بلی کا نشانہ ہوگا فلم ’پی کے‘ کا ریکارڈ جس نے ’گولے‘ سے 790کروڑ کمائے تھے، باہو بلی پہلی بھارتی فلم بن سکتی ہے جس کی کمائی ہزار کروڑ سے بھی زیادہ ہو، صرف بھارت میں کمائی کی بات ہو تو یہ ریکارڈ عامر خان کی دنگل کے پاس ہے،دنگل نے پورے بھارت سے 387کروڑ کمائے،اب یہ ریکارڈ بھی خطرے میں ہے اور باہو بلی 400کروڑ کا چھکا لگانے والی پہلی فلم بن سکتی ہے۔
صرف ایک ریکارڈ ہے جو باہو بلی کیلئے پہنچ سے دور ہے،وہ ریکارڈ کم لاگت اور زیادہ کمائی کا فرق ہے ،دنگل سو کروڑ سے بھی کم میں بنی لیکن اس فلم نے دنیا بھر میں730کروڑ کا بزنس کیا، اسی طرح پی کے بھی سو کروڑ سے کم بجٹ میں بنی اور فلم نے 790کروڑ کمائے، باہو بلی کا بجٹ 250کروڑ ہے اس کو اس شرح تک جانے کیلئے دنیا بھر سے 1800کروڑ کمانے ہوں گے۔
فلم کے ریکارڈز کے ساتھ کہانی کو بھی تھوڑا سا ’ریوائنڈ‘ کرلیتے ہیں، باہو بلی کی کہانی دو بہادر راجکمار بھائیوں کی اچھائی اور برائی کی جنگ کی داستان ہے، ایک سب کا ہیرو اوردوسرا سب کیلئے ولن ہے،فلم میں جنگ کے ناقابل یقین مناظر فلمائے گئے ہیں،فلم میں باہو بلی کے دو کردار ہیں ایک باپ، دوسرا بیٹا، باپ باہو بلی جسے راجا بنانے کا اعلان ہوتا لیکن وہ اپنے سب سے زیادہ وفادار غلام ’کٹپا‘ کے ہاتھوں مارا جاتا ہے۔
دو سال سے بالی وڈ میں یہ سوال سب کا پیچھا کررہا ہے کہ ’کٹپا‘ نے باہو بلی کو کیوں مارا؟ خیر اب اس سوال کا جواب بہت جلد سب جان جائیں گے، ساتھ ہی بیٹا باہو بلی اپنے باپ اور ماں کے ساتھ ہونے والے ظلم کا کیسے انتقام لیتا ہے یہ بھی سب کو پتا چل جائے گا۔