05 جولائی ، 2012
نئی دہلی… پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر ممبئی حملوں کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکریٹری خارجہ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں دہشتگردی اور ابو جندال کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور ہماری طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ کوئی پاکستانی ایجنسی بھارت میں دہشتگردی میں ملوث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کو دونوں ملکوں کا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں، اور ہماری حکومت سمجھتی ہے کہ مثبت رویے کی جانب جانیکی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے پر الزام تراشی کرینگے تو کسی نتیجے پر نہیں پہنچیں گے، دونوں ملکوں پر خطے میں امن و سیکیورٹی کی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ اس موقع پر بھارتی سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو ممبئی حملے سے متعلق مزیدشواہد دیے گئے ہیں اور مسٹر جیلانی کیساتھ ابو جندل کا معاملہ بھی اٹھایاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں خطے میں امن اور دہشتگردی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں اقتصادی اور معاشی معاملات بھی زیر غور آئے، اور تجارت آگے بڑھانے پر بھی بات کی گئی۔ پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے مزید بتایا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ بحالی پر بھی غور کیا گیا۔