06 جولائی ، 2012
پشاور. . . . خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے نرسز اور پیرا میڈیکس کے لئے الگ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ جوملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوامیں طبی شعبہ سے وابستہ پیرا میڈیکس اورنرسنگ اسٹاف کیلئے پشاور میں الگ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔جو الائیڈ سائنسز کے نام سے ملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہو گی۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں نرسنگ اسٹاف، پیرامیڈیکس اور صحت کے شعبے سے وابستہ دیگر ہنرمندوں کو بی ایس سی ، ایم ایس سی اورپی ایچ ڈی کی سہولت میسر ہوگی۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا ہیلتھ سروسز اکیڈمی، میڈیکل فیکلٹی اور صوبہ بھر میں قائم نرسنگ کالجز کا الحاق الائیڈ سائنسز یونیورسٹی سے کیا جائیگا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے قیام کی سمری حتمی منظوری کے لئے وزیر اعلٰی خیبرپختونخواکو ارسال کردی گئی ہے۔