30 اپریل ، 2017
ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار سے برج ٹاون میں شروع ہو نے والے دوسرے ٹیسٹ کے فائنل الیون میں بائیں ہاتھ کے تیز بولر وہاب ریاض کو ڈراپ کر کے شاداب خان کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔
یاد رہے ،جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 31سالہ فاسٹ بولر کو میچ کی دو اننگز میں صرف دو ہی وکٹیں مل سکیں تھیں۔اگرچہ وہاب ریاض چیمپینز ٹرافی اسکواڈ میں قومی ٹیم کا حصہ ہیں،تاہم موجودہ دورے میں ان کے سلیکشن پر خاصی تنقید ہو رہی ہے۔
اگست 2010ء میں اوول (لندن) میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے وہاب ریاض نے پہلی اننگز میں 63 رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں ،تاہم سات سال کے عرصے میں وہاب ریاض نے جو 25ٹیسٹ میچز کھیلے اس میں 34.35کی اوسط سے وہ صرف 45وکٹیں ہی حاصل کر سکے ہیں ۔جس میں اننگز میں پانچ وکٹ کی کارکردگی وہ دو ہی بار پیش کر سکے ہیں۔
دریں اثنا نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنےوالے 227 ویں کھلاڑی ہیں۔18 سالہ شاداب خان نے اب تک فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی کے چارمیچز کھیلے ہیں، جبکہ تین ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔