04 مئی ، 2017
کنری تھانے میں بدمعاشی کرنے والے وڈیرے زید تالپور کو بیٹے سمیت قید کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی،پکڑ لیا تھا تو چھوڑا کیوں؟ کیا وڈیرے کی اتنی دہشت تھی؟ معطل ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کچھ بتانے کو تیار نہیں۔
اگلے دن ’جیو نیوز‘ کے معاملہ اٹھانے پر ایس پی کو ایکشن لینا پڑا، حسن کو پھر پکڑنا پڑا، زید بھاگ نکلا، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بدستور معطل ہیں۔
تھانے کو اوطاق اور تھانے دار کی کرسی کو سرپنج کی کرسی سمجھ کر بیٹھنے اور ایس ایچ او کو دھمکیاں دینے والے وڈیرے زید تالپور کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈی ایس پی شیر خان، ایس ایچ او تصور جٹ اور دیگر اہل کار زید تالپور اور اس کے ساتھیوں کو حوالات میں بند کردیتے ہیں، لیکن اسی رات تمام افراد رہا ہوجاتے ہیں، جس نے مزیدنئے سوالات اٹھا دیئے ہیں ۔
پہلا سوال: ملزم کو پکڑ لیا تھا تو چھوڑنا کیوں؟
دوسراسوال: وڈیرے کو حوالات میں بندکرنے کا معاملہ چھپایا کیوں ؟
تیسراسوال: اسی رات مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟ زید تالپور کا میڈیکل کیوں نہیں کرایا؟
ایس ایس پی عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی کو زید تالپور کو گرفتار اور میڈیکل کرانے کی ہدایت کی تھی تاہم زید تالپور نے ایس ایچ او سے معافی مانگ لی تھی جس پر اسے رہا کردیا گیا تھا، لیکن دوسرے دن میڈیا پر چلنے والی ویڈیو میں ایس ایچ او کی کمزوری پر اسے اور ڈی ایس پی کو معطل اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا، ڈی آئی جی میرپورخاص عالم اوڈھو نے واقعے کی تحقیقات کیلئے 4رکنی کمیٹی بنادی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے وڈیرے زید تالپور کے بیٹے حسن تالپور کا انسداد دہشت گردی عدالت سے 6روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
پولیس نے مقدمے میں مزید 4 افراد کو نامزد کیا ہے جس کے بعد ملزمان کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔