خصوصی رپورٹس
15 مئی ، 2017

بالی وڈ کا 400کروڑ کلب

بالی وڈ کا 400کروڑ کلب

اب تک بالی وڈ میں کروڑوں کے ”دنگل “ کا ”سلطان“ عامر خان تھا یا سلمان خان۔عامر خان نے سب سے پہلے ”گجنی“ سے 2008میں سو کروڑ کلب کی بنیا د رکھی۔اگلے ہی سال فلم ”تھری ایڈٹس“ سے 200کروڑ کا کلب بناپھر پانچ سال بعد عامر نے ہی فلم ”پی کے“ سے 300کروڑ کلب بالی وڈ کو دیا۔

۔۔۔لیکن ’باہو بلی2 ‘نے چار زبانوں میں ریلیز ہو کر جہاں سارے ریکارڈ توڑے وہیں ’باہو بلی 2‘کے صرف ہندی ورژن وہ بھی ڈب فلم نے 400کروڑ کا چھکا لگالیا ہے۔

فلم سے کروڑوں کمانا آسان نہیں لیکن فلم کی کروڑوں کی کمائی سمجھنا بھی آسان نہیں۔باہو بلی دنیا بھر میں 1400کروڑ کا بزنس کرچکی ہے اسی طرح عامر کی دنگل کی کمائی بھی ہزار کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے۔

دنگل نے بھارت میں387کروڑ کی کمائی کی ۔دوسری طرف باہو بلی کی صرف بھارت میں کمائی 800کروڑہوچکی ہےلیکن باہو بلی نے یہ ساری کمائی تیلگو،تامل،ملیالم اور ہندی چار زبانوں میں ریلیز ہو کر کی۔

باہو بلی کے ہندی زبان میں ڈب ہونے والے ورژن نے پورے بھارت میں 400کروڑ کمالیے ہیں ۔اس طرح اب باہو بلی 2نے یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔یعنی بالی وڈ کے سو کروڑ کلب میں باہو بلی کی وہی کمائی شمار کی جائے گی جو اس فلم کی ہندی ڈب ورژن نے بھارت میں کی ہو۔

یہ کروڑوں کا کلب ویسے ہی بنتا ہے جیسے کرکٹ میں بیٹس مین سنچری بناتا ہے۔ڈبل سنچری ہو یا ٹرپل سنچری سب سنچری میں شامل ہوتی ہے ۔پھر ڈبل سنچری کا کلب الگ بنتا ہے اور ٹرپل سنچری کا بھی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بھی چار سو ایک ہی بار بنے جب برائن لارا نے انگلینڈ کیخلاف 2004میں چار سو ناٹ آوٴٹ بنائے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کے 13سال بعد چار سو کا یہ ریکارڈ بالی وڈ میں بھی بن گیا ہے۔

اب تک یہ ہوتا آرہا تھا کہ عامر کلب کی بنیاد رکھتے اور سلمان خان اس کلب پر قبضہ کرلیتے۔

صرف سو کروڑ کے کلب کی بات ہو تواب تک پچاس سے زائدفلمیں اس کلب کی ممبر بن چکی ہیں۔ اس میں سب سے زیادہ سلمان خان کی 10فلمیں ہیں۔شاہ رخ خان کی 7اجے دیوگن اور اکشے کمار کی 6اور عامر خان کی 5فلمیں شامل ہیں۔

دو سوکروڑ کلب میں بالی وڈ کی صرف12فلمیں شامل ہیں۔اس کلب میں عامر اور سلمان خان کی چار چار فلمیں شامل ہیں دو فلمیں شاہ رخ کی اور ایک ریتھک روشن کی ہے ۔

بالی وڈ کے تین سو کروڑ کلب میں اب تک پانچ فلمیں شامل ہوچکی ہیں ۔عامر خان کی دنگل اور پی کے ،سلمان خان کی بجرنگی بھائی جان اور سلطان۔

باہو بلی باہر سے آکر بالی وڈ کے سب سے بڑے کلب 400کروڑ کے کلب کی اکیلی ممبر بن چکی ہے۔

اب دیکھیں پہلے سلمان کی’ ٹیوب لائٹ‘ یا’ ٹائیگر زندہ ہے‘ پہلے چار سو کروڑ کلب کی ممبر بنتی ہے یا عامر خان کی امیتابھ کے ساتھ پہلی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ اس چار سو کروڑ کلب میں ’باہو بلی‘ کے ساتھ جگہ پاتی ہے ۔

مزید خبریں :