27 مئی ، 2017
ذیشان بخش
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،لاہور میں ڈیوس روڈ پر واقع ایک بڑے ہوٹل کو 2 لاکھ جبکہ ایک شادی ہال اور ریسٹورنٹ کو 25 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رمضان میں ملاوٹ یا ناقص اشیا کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ڈیوس روڈ لاہور پر واقع ایک معروف ہوٹل کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا، ہوٹل کے کچن سے کیڑے مکوڑے، کائی لگی کھانے پینے کی اشیا، ٹوٹے فریج میں خون آلود گوشت اور گلا ہوا فروٹ ایک ساتھ پایا گیا۔
ڈیوس روڈ پر ہی واقع ایک دوسرے ہوٹل اور شادی ہال کو ناقص صفائی پر25 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا۔
معروف شادی ہال کو زائد المیعاد اشیاء خوردونوش، ناقص سٹوریج پر جرمانہ کیا گیا۔
رمضان المبارک میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں سحر اور افطار دونوں اوقات میں کام کریں گی۔
ٹیمیں نئے شیڈول کے مطابق صبح 9بجے سے رات 2بجے تک کام کریں گی، دن میں رمضان بازاروں، افطار و سحر میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ ہو گی۔