06 جون ، 2017
سلمان خان ہر عیدپر انٹر ٹینمنٹ کی عیدی بانٹتے ہیں اور خود کروڑوں روپوں کے ساتھ تالیاں اور سیٹیاں سمیٹ کر لے جاتے ہیں۔ بالی وڈ والےکہتے ہیں، لگتا ہے کہ باکس آفس پر عید آتی ہی سلمان کے لیے ہے۔
بالی وڈ میں 2009سے پہلے عید کو فلموں کی ریلیز کے لیے اتنا موزوں نہیں سمجھا جاتا تھا، جتنا کرسمس اور دیوالی کے تہواروں کو اہمیت دی جاتی تھی، لیکن سلمان اور عید کی جوڑی نے سال کی سب سے بڑی ’’ریلیز ڈیٹ‘‘ اسی عید کے دن کو بنادیا ہے۔ اب عید کے دن پر مکمل کنٹرول سلمان خان کا ہے۔
سن2009 کی میٹھی عید میں سلمان خان کی ایکشن مسالہ انٹرٹینمنٹ فلم ’’وانٹیڈ‘‘ سے انڈسٹری میں’’ موسٹ وانٹیڈ‘‘ ہوگئے۔ فلم نے سلمان خان کے ایک بار پھر ڈوبتے کیریئر میں جان ڈال دی، بس پھر کیا تھا2010کی عید الفطر پر سلمان نے ’’دبنگ‘‘ اینٹری دی اور پہلی بار باکس آفس پر سو کروڑ کا چھکا لگایا۔
سن2011میں’’باڈی گارڈ‘‘ لوگوں نے سوئیاں اور شیر کھانے کے بعد دیکھی اور بار بار دیکھی۔ اس فلم نے بھی سو کروڑ سے زیادہ کی عیدی سمیٹی۔ 2012میں سلمان خان کی ’ ایک تھا ٹائیگر‘ نے دُھوم مچائی اور ایسی مچائی کہ فلم دو سو کروڑ سے صرف دو کروڑ پیچھے رہی۔
سن2013میں سلمان خان اپنی بیماری کی وجہ سے عید کو ٹارگٹ نہیں کرسکے اور انھوں نے وہ عید شاہ رخ خان کے لیے چھوڑ دی۔ شاہ رُخ خان کی فلم ’’چنئی ایکسپریس ‘‘ نے کروڑوں کی ڈبل سنچری بنائی اور یہ فلم اب تک شاہ رخ خان کے کیریئر کی سب سے کام یاب فلم ہے۔
سن 2014سے سلمان خان نے عید پر پھر ’’کِک‘‘ لگائی ۔فلم میں سلمان نے چور اور سپاہی دونوں کردار ادا کیے۔ اس فلم سے سلمان خان نے پہلی بار دو سو کروڑ کا چھکا لگایا اور عامر اور شاہ رخ کے بعد دو سو کروڑ کلب میں جگہ بنائی۔
سن2015 میں سلمان خان عید پر ’’بجرنگی بھائی جان ‘‘ بنے اور فلم میں پاکستان کا چکر بھی لگایا ۔ فلم میں سلمان نے دوسروں کو مارا پیٹا نہیں بلکہ سب سے مار کھائی ،ہاتھ جوڑ جوڑ کر اور ’’منی ‘‘ کو پاکستان چھوڑ کر پورے 300کروڑ کی عیدی کمائی۔
سن 2016میں پہلوانی کا ’’سلطان‘‘ آیا اور باکس آفس کے اکھاڑے میں 300کا داؤ لگایا۔ اُن کی پچھلی 7فلموں نے عید پر باکس آفس سے صرف اپنے دیس میں 1400کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ ان ہی سات فلموں نے دنیا بھر سے 2500کروڑ کی کمائی کی۔یعنی سلمان کی عید کی فلموں کی دنیا بھر میں 350کروڑ روپے کی کمائی کی۔
’’ٹیوب لائٹ‘‘کے ڈائریکٹر کبیر خان کے ساتھ سلمان کی تیسری فلم ہے ۔ دونوں کی پچھلی فلمیں’ ایک تھا ٹائیگر‘ اور’ بجرنگی بھائی جان‘ عید پر ہی ریلیز ہوئی تھیں۔ سلمان فلم میں اپنے چھوٹے بھائی سہیل خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ دونوں اس سے پہلے فلم ’’ویر ‘‘ میں بھی بھائیوں کا کردار ادا کرچکے ہیں۔ ’میں نے پیار کیوں کیا‘،’گاڈ تُسی گریٹ ہو‘ ،’سلامِ عشق ‘،’مسٹر اینڈ مسز کھنہ‘ اور’ ہیروز‘میں بھی دونوں نے ایک ساتھ کام کیا لیکن کردار بھائیوں کے نہیں تھے۔
نئی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں ایک بار پھر برسوں بعد سلمان کے پُرانے دوست’کمال خان‘ نے گانا گایا ہے۔یہ وہی کمال ہیں جو ’’پیار کیا تو ڈرنا کیا ‘‘ کے گانے سے مشہور ہوئے تھے اور سنی دیول کی فلم ’’جو بولے سو نہال‘‘میں وِلن بھی بنے تھے۔ کمال نے زیادہ تر پلے بیک سلمان کے لیے ہی گائے ۔
’ٹیوب لائٹ‘ ہالی وڈ کی فلم ’’دی لٹل بوائے‘‘ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے ۔فلم کی پہلی جھلک سے بھی پہلے کبیر خان نے سب کو بتابھی دیا اور جتا بھی دیا کہ فلم چوری کر کے نقل کر کے نہیں بنائی بلکہ متاثر ہو کر اپنے حساب سے ڈھال کر بنائی ہے۔
فلم میں سلمان کے دو پُرانے دوست بھی موجود ہیں جس میں سے ایک اوم پوری اب اس دنیا میں موجود نہیں۔ اوم پوری کی جھلک تو ٹریلر میں بھی دِکھ گئی لیکن کنگ خان کا صرف سایہ دکھایا گیا ہے۔شاہ رخ خان نے فلم میں اسپیشل اپیئرنس دی ہے اور وہ جادوگر کے کردار میں نظر آئیں گے۔
’ٹیوب لائٹ‘ کا اس لیے بھی خان ہیروز کے فین کو انتظار ہے کیوں کہ اس فلم میں بالی وڈ کے ’’کرن ارجن‘‘ پورے دس سال بعد اسکرین پر اکھٹے ہوئے ہیں۔ سلمان اور شاہ رخ 2007میں آخری بار فلم’’اوم شانتی اوم‘‘ میں ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئے تھے۔2008میں کترینا کی سال گرہ پر ہونے والی ’’خان لڑائی ‘‘ کے بعد دونوں کے درمیان کئی سال تک بات چیت تک بند رہی ، برسوں بعد دوستی ہوئی تو فلم کے لیے اکھٹے ہونے میں دونوں کو دس سال کا عرصہ لگ گیا۔ اس سے پہلے فلم’’ سلطان‘‘میں شاہ رخ کی اور’’ رئیس‘‘ میں سلمان کی اینٹری کی خبریں آئیں، لیکن ایسا ہوا کچھ نہیں ہوا، لیکن اب ٹیوب لائٹ ان دونوں کی دوستی کو اسکرین پر بھی روشن کرے گی۔
ٹیوب لائٹ کی کہانی چین بھارت جنگ کے زمانے کی ہے، جو 1962میں ہوئی تھی، لیکن فلم میں جنگ سے زیادہ محبت کا پیغام ہے ، امن کا پیغام ہے۔ سلمان نے ایک ایسے جوان کا کردار نبھایا ہے، جو جسمانی طور پرتو بڑا ہوگیا، لیکن اس کا ذہن بچوں کا اور دل اسی وجہ سے سچا ہے۔ اس کردار کے بات دیر سے سمجھ میں آتی ہے، اسی لیے اسے سب’’ٹیوب لائٹ‘‘ کہتے ہیں۔ اس کردار کا ’’یقین‘‘کیا ہے اور اس یقین سے کیا کیا ہوتا ہے؟
یہ کردار اپنے قیدی بھائی کو چینیوں کی مدد سے چین سے کیسے واپس لاتا ہے ؟ یہ عید پر سب کو پتا چل جائے گا۔ فلم میں بہت سارے چینی ایکٹرز بھی موجود ہیں۔ چینی پس منظر اور چینی اداکاروں کی موجودگی میں یہ فلم اگر چین میں ریلیز ہوگئی تو بڑے بڑے ریکارڈز ٹوٹ سکتے ہیں۔ چین دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، جہاں اِس وقت تک عامر خان کی فلم دنگل 1200کروڑ کماچکی ہے۔
ٹیوب لائٹ میں سلمان خان کا کردار،اُن کا اسٹائل!! فلم میں دو حریف ممالک کے حالات ، ایک سے دوسرے ملک کا سفر ،’’مُنی‘‘ کی طرح اِدھر ایک چینی بچے کا کردار ،کبیر خان کی موجودگی اس لیے سب اس فلم کو بجرنگی بھائی جان سے جوڑ رہے ہیں۔ فلم ٹیوب لائٹ کے ٹریلر اور ٹیزر کو یو ٹیوب پر اب تک چار کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
فلم کے گانوں سے زیادہ سلمان کا سوئٹر اور جوتوں کا اسٹائل مشہور ہوچکا ہے۔ اب ظاہر ہے جہاں سلمان خان ہوں گے، وہاں کسی اور کا ہٹ ہونا مشکل ہی نظرآتا ہے۔ ٹیوب لائٹ کے اپنے دیس میں تو 300کروڑ پکے ہیں لیکن فلم چار سو کروڑ کا چھکا بھی لگاسکتی ہے۔
دنیا بھر میں اس فلم سے800کروڑ کمائی کا امکان ہے لیکن اگر یہ میٹھی فلم چین میں بھی ریلیز ہوگئی اور وہاں کے چینیوں کو بھا گئی تو 2ہزار کروڑ کا چھکا بھی لگ سکتا ہے۔