24 جون ، 2017
کینٹ اسٹیشن کراچی سے دوسری عید اسپیشل ٹرین 11 سو پردیسیوں کو لے کر لاہور روانہ ہوگئی۔
عید کی خوشیاں اپنوں کے ساتھ منانے کے لیے دوسرے شہروں سے روزگار کیلئے آنے والوں پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری عید اسپیشل ٹرین گیارہ سو مسافرو ں کو لے کر کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی۔ ٹرین میں سوار مسافروں کی اپنوں سے ملنے کی خوشی دیدنی تھی۔
ٹرین میں اکانومی کلاس کی 16 بوگیاں لگائی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ریلوے روبن یامین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر ٹرین میں اضافی نفری تعینات کی ہے۔ عید اسپیشل ٹرین میں 6 پولیس اہلکار سیکورٹی کے لیے موجود ہیں۔
ڈی سی او ریلوے اسحاق بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی سے ٹرین وقت پر روانہ ہوئی ہے اور وقت پر منزل پر پہنچے گی۔ مسافروں کی سہولت کے لیے 20 رمضان تک کرایوں میں 20 فیصد کمی کی گئی تھی۔