25 جون ، 2017
میٹھی عید پر سینماؤں پر خوب سارا ہنگامہ مچے گا، پاکستانی اردو، پشتو اور ہالی وڈ کی فلمیں ہلچل مچا کر سب سے عیدی سمیٹنے آرہی ہیں لیکن سلمان خان کی ٹیوب لائٹ کو عید پر پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جارہا۔
عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی اردو فلموں میں سوشل میوزیکل کامیڈی ”مہرالنساء وی لب یو“ اور ایکشن سے بھرپور ”یلغار“ میں مقابلہ ہے۔ سب کی خواہش ہے کہ یہ دونوں پاکستانی فلمیں باکس آفس پر ہِٹ ہوں اور سب کو” اینٹرٹین“ کرکے اپنا بینک اکاؤنٹ بھرنے میں کامیاب ہوں۔
مصطفی قریشی اور رابی پیرزادہ کی ”شور شرابہ “ عید سے تھوڑے دن پہلے ہی باقی فلموں کیلئے میدان چھوڑ گئی۔
ان دونوں پاکستانی فلمز کے علاوہ ہالی وڈ کی ایڈوینچر سے بھرپور ”پائرٹس آف دی کیئریبین 5“ سائنس فکشن ایکشن ہنگامہ ”ٹرانسفارمر 5“اور ایک اینیمیٹیڈ انگلش فلم شامل ہے۔
عید کی فلموں میں سب سے پہلے بات ”رانگ نمبر “ جیسی کامیاب کامیڈی فلم بنانے والے ہدایت کار یاسر نواز کی فلم ”مہرالنسا ء وی لب یو“ کی، جس نے اپنے نام، گانوں اور بینر کی وجہ سے ہی فورا ہی سب کی توجہ حاصل کرلی۔ اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے رانگ نمبر اور جلیبی والے دانش تیمور اور فلموں میں نیو اینٹری ثنا جاوید نے۔
ان دونوں کے علاوہ فلم میں موجود ہیں ”رانگ نمبر“ سے ”نامعلوم افراد“ سمیت ہر دوسری پاکستانی فلم کی جان سپر اسٹار جاوید شیخ صاحب۔ فلم میں جاوید شیخ کے کلاسک ٹی وی ڈرامے ”ان کہی“ کے ساتھی خالد نظامی بھی منفر کردار میں نظر آئیں گے۔ نیئر اعجاز نے اس فلم میں بھی منفی کردار ادا کرکے اپنی”مرضی“ دکھائی ہے۔
ٹی وی ڈرامے ”قدوسی صاحب کی بیوہ“ سے شہرت پانے والے وقار نے فلم کے ٹریلر سے ہی سب کو حیران کردیا ہے۔ رانگ نمبر کی طرح اس فلم میں یاسر کے چھوٹے بھائی دانش نواز تو نہیں لیکن دانش سے بڑے بھائی ولن کا مہمان کردار ادا کریں گے۔
فلم کا سیٹ پاکستان کے مہنگے ترین سیٹس میں سے ایک ہے جب کہ پروڈیوسر حسن ضیاء کے مطابق فلم کیلئے 2 کروڑ کا سیٹ لگایا گیا جو سیٹ کیا پورا محلہ تھا اور فلم کی کہانی کے لئے ضروری تھا۔ فلم کی شوٹنگ کراچی کے علاوہ گلیات جیسے ٹھنڈے اور برفباری والے علاقوں میں بھی کی گئی ہے۔ فلم کا میوزک اچھا بھی ہے اور کامیاب بھی۔
گلزار صاحب کے لکھے ہوئے گیتوں نے ریلیز ہوتے ہی سب کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔فلم کا ٹریلر اور ٹیزر دونوں انٹرنیٹ پر دس لاکھ بار دیکھے گئے جب کہ گانے دیکھنے اور سننے والوں کی تعداد بیس لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔ سکھوندر سنگھ، نقاش عزیز اور ارمان ملک نے ایسے میلوڈی والے نغمے گائے ہیں جو اب بالی وڈ کی فلموں میں تلاش کے بعد بھی سنائی نہیں دیتے۔
فلم ”مہرالنساء و ی لب یو“ میں عید والی فلموں کے سارے لوازمات موجود ہیں۔ ہٹ میوزک اور گانے، زبردست کامیڈی، جھلملاتارومانس، رشتوں کے جذبات، گلیوں کا ایکشن، ذومعنی مکالمے اور ہمارے معاشرے کیلئے پیغام۔ یعنی سیٹیاں اور تالیاں بجیں گی اور خوب بجیں گی۔
فلم کی ایک اور پروڈیوسر ندا یاسر کا کہنا ہے کہ ”مہرالنسا ء“ فلم نہیں پورے بارہ مصالحوں کی چاٹ ہے۔ فلم میں لوکیشن بھی زبردست ہے اور ان کی عکاسی بھی، مکالموں اور عکاسی میں یاسر نے ٹیم بدلی ہے ابھی تک توسب اچھا ہے لیکن حتمی نتیجہ ریلیز کے بعد ہی آئے گا۔ اب تک کی ٹریڈ رپورٹ اور رسپانس دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فلم عید کی فلموں کی دوڑ میں اول آئے گی۔
اگر یہ فلم یاسر نے ”رانگ نمبر“ کی طرح بُنی ہوگی تو فلم 20 سے 30 کروڑ کا بزنس آرام سے کرسکتی ہے۔ فلم کی کاسٹ نے پروموشن سے لیکر ریڈ کارپٹ پریمیئر میں خوب حصہ لیا یعنی پروموشن کے میدان میں بھی یہ فلم باقی ساری فلموں سے آگے نظر آئی ۔
فلم کا ایک اور مثبت پہلو فلم کا بجٹ ہے جو لگ بھگ 7سے 8 کروڑ کے درمیان ہے۔ اس رقم میں پروموشن ،پبلسٹی، ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ کے اخراجات بھی شامل ہیں۔
عید پر ریلیز ہونے والی دوسری فلم ایکشن، جوش، جذبے اور جنون سے بھرپور ’یلغار“ کو پاکستان کی اب تک مہنگی فلم بھی کہا جارہا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سپراسٹار شان، سپراسٹار ہمایوں سعید، جانان اور اشتہاری فلموں سے مشہور ہونے والے بلال اشرف اور علی رحمان خان سمیت ایوب کھوسو، عدنان صدیقی، گوہر رشید، عاشرعظیم اور عائشہ عمر سمیت بڑی اسٹار کاسٹ شامل ہے۔
اس بڑی فلم کا بجٹ 22 کروڑ سے 25 کروڑ کے درمیان ہے،فلم کے زبردست اور دھواں دار ایکشن میں گولیوں کی تڑ تڑاہٹ، ہیلی کاپٹرز کی پروازیں اور حملے بھی شامل ہیں۔ فلم پاکستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر حسن رانا ہیں جنھوں نے فلم ”وار“ لکھی اور پروڈیوس کی تھی۔
شاید یہی وجہ ہے کہ فلم ”وار“ اور ”یلغار“ کی کہانی ، نام اور کردار کافی ملتے جلتے ہیں لیکن اب ان دونوں فلموں کے درمیان چار سال کا عرصہ ہے جو فلم کو کامیاب کراسکتا ہے۔ فلم میں دہشت گردی اور اس کے خلاف جنگ موضوع ہے۔ شان ہیرو تو ہمایو ں سعید خطرناک ولن بنے ہیں۔ ان دونوں سپر اسٹارز کے فین فلم کو دیکھنے ضرور آئیں گے۔
فلم کے موضوع کی وجہ سے ٹریلر میں بھی نہ تو کوئی گانا تھا نہ ہی کامیڈی لیکن فلم کی ریلیز سے پہلے شفقت امانت علی کے درد بھرے گانے نے سب کے دل جیت لیے ۔ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ ان کا کردار بہت زیادہ ”ڈارک “ اور برا ہے اتنے خطرناک ولن کا کردار نہ انھوں نے کبھی ادا کیا نہ ہی آئندہ کریں گے۔فلم ویسے کافی عرصے سے ریلیز کا انتظار کر رہی تھی فلم کا پہلا ٹریلر2015میں ریلیز ہوا تھا۔
بلال اشرف اور علی رحمان خان جانان سے بھی پہلے اس فلم میں کاسٹ ہوئے تھے اور اب جانان کو ریلیز ہوئے ایک سال کا وقت بیت گیا۔ فلم میں ایکشن کے ساتھ جذبات اور ستاروں کی بارات ہے جو فلم کو باکس آفس پر کامیابی دلا سکتے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر، رائٹر اور ڈائریکٹر حسن رانا، ہمایوں سعید ایوب کھوسو سمیت فلم کی کاسٹ نے پروموشن میں بھرپورحصہ لیا ریلیز سے پہلے مارکیٹنگ کیلئے فلم کے ہیروشان بھی میدان میں اترے۔
عید پر ریلیز ہونے والی ان تمام فلموں میں سے فلم بین کس سے زیادہ ”لب“ کریں گے کس کو دیکھنے کیلئے تھیٹرز میں ”یلغار“ ہوگی سب ایک ہفتے بعد سب کے سامنے آجائے گا۔