شہر شہر
06 جولائی ، 2017

ڈیرہ غازی خان کے عوام آوارہ کتوں سے پریشان

ڈیرہ غازی خان کے عوام آوارہ کتوں سے پریشان

ڈیرہ غازی خان میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور تشویشناک بات یہ ہے کہ اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین بھی دستیاب نہیں،گزشتہ روز ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث ایک متاثرہ لڑکا دم توڑ گیا۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی زیریں کے رہائشی سعید احمد کے بارہ سالہ بیٹے کو پندرہ دن پہلے پاگل کتے نے کاٹا ،جسے قریبی اسپتال لے جایا گیا، ڈاکٹرز نے انہیں ویکسین نہ ہونے کا کہہ کر ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان جانے کا کہا پر وہاں بھی اسے ویکسین نہ ملی۔

بعد ازاں سعید احمد اپنے بیٹے کو لے کر لاہور گیا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی ۔

سعید احمد کے مطابق ان کا ایک اور بچہ تشویشناک حالت میں ٹیچنگ اسپتال کے شعبہ اطفال میں زیرعلاج ہے، اسے بھی ابھی تک ویکسین نہیں دی گئی ہے۔

ٹیچنگ اسپتال کے قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر خالد تحسین کے مطابق محمد زکریا کو تاخیر سے اسپتال لایا گیا،اس وقت وہ ریبیز کا شکار ہوچکا تھا اوراسے ویکسین دینے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

ڈیرہ غازی خان کے گلی محلوں میں پھرنے والے آوارہ کتوں کی روک تھام نہ ہونے کے باعث ایک ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے سے بیس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ،جبکہ ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کی تعداد کے اعتبارسے ناکافی سہولتیں بھی علاج میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

مزید خبریں :