15 جولائی ، 2017
دبئی میں پہلی بار خواتین کے لیے الگ گلابی ایمبولینس کو متعارف کروادیا گیا ہے جو ان کے ذاتی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کی گئی ہے۔
خواتین کے لیے متعارف کرائی گئی اس سروس میں ایمبولینس کو چلاتی بھی خواتین ہیں۔
پنک (گلابی) ایمبولینس کی خدمات صبح 11 بجے سے رات 11 تک فراہم کی جائیں گی اور ایمبولینس میں دو ڈاکٹرز اور دو ڈرائیور ہمہ وقت موجود ہوں گی جب کہ خدمات خواتین کے علاوہ 12 سالہ بچوں تک کے لیے بھی ہیں۔
دبئی کی ایمرجنسی میڈیکل ٹیکینیشن سے تعلق رکھنے والی خاتون کا کہنا ہےکہ عرب ممالک میں خواتین کے پردے کا خاص خیال رکھتے ہوئے اس سروس کو شروع کیا گیا ہے کیونکہ خواتین کے ساتھ ہونے والے ایمرجنسی مسائل میں وہ اپنے آپ کو مردوں کے نسبت خواتین کے ساتھ زیادہ بہتر محسوس کرسکتی ہیں۔
خواتین کے لیے پنک ایمبولینس کا متعارف کرانے کا مقصد یہی ہے کہ ان کو کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں بغیر جھجھک کے خدمات فراہم کی جائیں۔
10 سال قبل دبئی میں خواتین اور بچوں کے لیے پنک کیب سروس بھی متعارف کرائی گئی تھی جسے خواتین ہی چلاتی ہیں جب کہ یہ سروس دبئی میں اب بھی کامیابی سے جاری ہے۔