22 جولائی ، 2017
آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں کنگنا رناوت کے اقربا پروری سے متعلق بیان کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کے بعد سیف علی خان نے بھی کنگنا رناوت سے معافی مانگ لی ہے۔
سیف سے قبل ہدایت کار کرن جوہر، اور اداکار ورون دھون بھی کنگنا سے نامناسب مذاق پر معافی مانگ چکے ہیں۔
کنگنا نے فلم ’’رنگون‘‘ کی تشہیری مہم کے دوران ہدایت کار کرن جوہر کے مشہور رئیلٹی شو’’ کافی ود کرن‘‘ میں شرکت کی تھی اور فلم نگری میں اقربا پروری سے متعلق سوال پر کرن جوہر کو ہی اقربا پرور ٹھہرایا تھا جس کے بعد ایک بحث چھڑ گئی تھی۔
کرن جوہر کی جانب سے متعدد بار کنگنا رناوت کے اقربا پرور قرار دیئے جانے کے بیان کو غلط قرار دیا گیا لیکن اب نیویارک میں ہونے والی آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں مذکورہ تینوں مرد اداکاروں کی اقرباپروری سے متعلق جملے بازی نے ایک بار پھر نئی بحث چھیڑ دی۔
بھارتی فلم نگری کے دوسرے سب سے بڑے ایوارڈ شو ’’انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا)‘‘ ایوارڈ کی تقریب 15 جولائی کو نیویارک میں منعقد ہوئی جس کی میزبانی کے فرائض کرن جوہر اور سیف علی خان نے سر انجام دیے۔
جب کہ تقریب کے دوران ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورون دھون کو فلم ’’ڈشوم‘‘ میں بہترین کامیڈین اداکار کا ایوارڈ دینے کے لیے اسٹیج پر بلایا گیا تو شو کے میزبان سیف نے ورون پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ مقام ان کے والد کی وجہ سے حاصل ہوا جس پر ورون نے بھی مذاق میں چھوٹے نواب کے فلم نگری میں حاصل کیے گئے مقام کی وجہ والدہ شرمیلا ٹیگور کو قرار دیا۔
اسی دوران وہاں موجود کرن نے بھی کہا کہ وہ بھی اپنے والد کی وجہ سے فلم نگری میں آئے۔ اس کے فوری بعد تینوں نے ایک ساتھ ’’نیپٹوازم راکس‘‘ کا نعرہ بلند کیا جب کہ تینوں اداکار یہیں نہیں رکے بلکہ انہوں نے فلمی گانے ’’بولے چوڑیاں بولے کنگنا‘‘ گانا شروع کردیا اور کرن جوہر نے اداکارہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’کنگنا‘ بہت بولتی ہے۔
تینوں اداکاروں کو ایوارڈ تقریب میں کنگنارناوت کا مذاق اڑانا مہنگا پڑگیا اور سوشل میڈیا پر ان کے اس عمل پرشدید تنقید کی گئی جس پر کرن جوہر اور ورون دھون نے معافی مانگ لی لیکن اب چھوٹے نواب نے بھی کنگنا رناوت کو میسج کرکے مذاق اڑانے اور دل آزاری پر معافی مانگی ہے۔
سیف علی خان نے کہا کہ وہ اسکرپٹ کا حصہ اور ایک مذاق تھا جس پر مجھے بے حد افسوس ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ واقعے کے بعد کنگنا نے ایک کھلا خط لکھ کر تضحیک کرنے والے اداکاروں پر سخت تنقید کی جب کہ سوشل میڈیا پر بھی تینوں مرد اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔