05 ستمبر ، 2017
لاہور: ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے افغان کرکٹ لیگ سے معاہدہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق افغان لیگ کی ٹیم آمو شارک کی نمایندگی کریں گے۔
اس سے قبل مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ افغان لیگ میں حصہ لیں گے۔
تاہم ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آفریدی کے فیصلہ سے خوش نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے آفریدی کو اس حوالے سے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے جبکہ جن کرکٹرز نے این او سی طلب کیے انہیں انکار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے افغان لیگ کے این او سی کے لیے تاحال پی سی بی سے رابطہ نہیں کیا جبکہ وہ بگ بیش کے این او سی کے لیے رابطہ کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔
آفریدی کے علاوہ افغان لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں میں عمر اکمل، کامران اکمل، بابر اعظم، سہیل تنویر اور رومان رئیس شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز کابل میں ہوں گے جبکہ اس کا آغاز 11 ستمبر سے ہوگا۔