Time 08 ستمبر ، 2017
کھیل

شاہد آفریدی افغان لیگ سے الگ ہوگئے

اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے افغان لیگ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغان لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا جب کہ ان کے اس فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ناخوش تھا تاہم اس حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ جہاں بھی کھیلتے ہیں پاکستان کی ہی نمائندگی کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے جیو ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افغان کرکٹ لیگ میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ ’ جی ہاں ، میں اب کابل نہیں جاؤں گا۔‘

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انہوں نےلکھا کہ وہ افغان حکومت، افغان کرکٹ بورڈ کے حکام، مسلم یار اور سپینگھر ٹائیگرز کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے لیگ کھیلنے کی دعوت دی لیکن کچھ خاندانی مسائل اور مصروفیات کی بنا پر وہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔

آفریدی نے کہا کہ وہ کرکٹ کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

دوسری جانب ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ شاہد آفریدی پی سی بی کی جانب سے 14 اگست کو اپنے اعزاد میں دی گئی الوداعی تقریب میں شرکت کریں گے یا نہیں ۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان آئندہ ہفتے لاہور جائیں گے جہاں وہ ورلڈ الیون کا میچ دیکھیں گے۔

آفریدی کے علاوہ افغان لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں میں عمر اکمل، کامران اکمل، بابر اعظم، سہیل تنویر اور رومان رئیس شامل ہیں جب کہ حال ہی میں سابق فاسٹ بولر عبدالرزاق نے بھی افغان لیگ سے معاہدہ کیا ہے۔

مزید خبریں :