Time 10 ستمبر ، 2017
کھیل

ورلڈ الیون کے خلاف محمد عامر کی شرکت مشکوک

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی آمد پر شائقین کرکٹ پرجوش ہیں لیکن ان کے لئے مایوس کن خبر یہ ہے کہ آزادی کپ میں فاسٹ بولر محمد عامر کی شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس سلسلے میں ورلڈ الیون کے کرکٹرز پاکستان آنے کے لئے دبئی میں جمع ہو رہے ہیں جب کہ قومی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں باقاعدہ ٹریننگ بھی شروع کر دی ہے۔

سرفراز الیون کے کیمپ سے خبر ہے کہ 25 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر لندن میں موجود ہیں اور انہوں نے اب تک لندن سے لاہور کے لئے ٹکٹ بک نہیں کرائی۔

دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ محمد عامر کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور اس بات سے پی سی بی آگاہ ہے تاہم اس معاملے پر فی الحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ محمد عامر کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جب کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے 16 رکنی اسکواڈ کے ساتھ پہلے ہی اضافی فاسٹ بولر کو منتخب کرلیا تھا۔


یاد رہے محمد عامر انگلش کاؤنٹی ایسسکس کے لئے ڈویژن ون میں گذشتہ ماہ سمرسیٹ کے خلاف آخری میچ کھیلے وہاں کمر کی تکلیف کے سبب انہوں نے دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کی تھی۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں پانچ سال کی پابندی کے بعد جنوری 2016 ء میں انڑنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر نے 31 ٹی 20 میچوں میں 23.79 کی اوسط سے 34 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔

مزید خبریں :