Time 28 ستمبر ، 2017
کھیل

سرفراز احمد پاکستان کے 32ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے

اس سال 4 جولائی کو ایوان وزیر اعظم میں سابق چئیر مین پی سی بی شہریار محمد خان نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیسٹ کپتان بنانے کی نوید سنائی تھی۔

30 سال کے سرفراز احمد جمعرات کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں عملی طور پر ٹیسٹ کپتان بن چکے ہیں۔

امتیاز احمد، وسیم باری، راشد لطیف اور معین خان کے بعد سرفراز احمد پاکستان کے پانچویں وکٹ کیپر کپتان ہیں۔

جنوری 2010ء میں آسڑیلیا کے خلاف ہو بارٹ میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سرفراز 36 ٹیسٹ میں 40.96 کی اوسط سے 2089 رنز تین سینچریوں کی مدد سے بنا چکے ہیں۔

بطور وکٹ کیپر انہوں نے 95 کیچ اور 17 اسٹمپ بھی کیے ہیں۔9 ون ڈے اور 11 ٹی 20 مقابلوں میں گرین شرٹس کے کپتان مجموعی طور پر پاکستان کے 32ویں ٹیسٹ کپتان ہیں۔

پاکستان نے اب تک 410 ٹیسٹ کھیلے ہیں، جہاں کم عمر کپتان جاوید میانداد تھے، جنھوں نے 22 سال 260 دن کی عمر میں اکتوبر 1976ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

بطور کپتان پاکستان کی طرف سے پہلا ٹیسٹ جیتنے والوں کی فہرست میں فضل محمود مرحوم، امتیاز احمد مرحوم، مشتاق محمد، جاوید میانداد، وقار یونس، سلیم ملک، رمیز راجا اور سلمان بٹ کے نام آتے ہیں۔

مزید خبریں :