کھیل
Time 23 اکتوبر ، 2017

پاکستان نے سری لنکا کو وائٹ واش کردیا

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پانچ میچوں کی سیریز 0-5 جیت لی۔ 

آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم عثمان شنواری کی شاندار بولنگ کے باعث 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بولرز کے بعبد پاکستانی اوپنرز نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 104 کا ہدف حاصل کر لیا۔ 

پاکستانی اوپنرز فخرزمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنائے۔ فخر زمان صرف دو رنز کے فرق سے ففٹی نہ بنا سکے اور جیفری وینڈرسے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد فہیم اشرف بیٹنگ کے لیے آئے اور امام الحق کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ امام الحق 45 اور فہیم اشرف 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹاس اور سری لنکن اننگز

قبل ازیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان کے ساتھ سمارا وکراما نے اننگز کا آغاز کیا۔

عثمان شنواری نے ایک مرتبہ پھر مہمان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں جھٹکا دیا اور سمارا وکراما اور نئے آنے والے باز دنیش چندیمل کو پویلین کی راہ دکھائی، دونوں بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ جاری رہی اور ایک مرتبہ پھر انہوں نے لنکن کپتان اپل تھرنگا کو 8 کے مجموعی اسکور کلین بولڈ کیا جس کے بعد بیٹنگ کے لئے آنے والے بلے باز ڈکویلا بھی ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ 

عثمان شنواری کے ہاتھوں آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز سری وردانا تھے جو 6 رنز بنا کر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ پر لہیرو تھرمانے اور سیکوگ پرسانے کے درمیان 29 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 49 تک پہنچا تو تھرمانے حسن علی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز احمد کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے، تھرمانے 31 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنا سکے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز پرسانے تھے جو63 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی آٹھویں اور نویں وکٹ 85 کے مجموعے پر گریں۔

مہمان ٹیم کی دسویں وکٹ 103 رنز پر گری اور آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیمونتھا چمیرا تھے۔ انہیں حسن علی نے 11 رنز پر بولڈ کیا۔

کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔

سری لنکن اسکواڈ کپتان اوپل تھرنگا، نروشن ڈکویلا، دنیش چندیمل، لہیرو تھرمانے، سدیرا سمارا وکراما، ملندا سری وردانا، تھسارا پریرا، جیفری وینڈرسے، پراسانا، ڈیمونتھا چمیرا اور وشوا فرننڈو پر مشتمل ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ  پاکستانی ٹیم جس عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز پانچ صفر سے جیت جائے گی، اگر سری لنکن ٹیم کو وائٹ واش نہ کیا تو مایوسی ہوگی۔

مزید خبریں :