Time 14 نومبر ، 2017
کھیل

پی ایس ایل مالکان کی مخالفت کے باجود پی سی بی، ٹی ٹین لیگ کا حامی

پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی کے مطابق ٹی ٹین لیگ سے پی ایس ایل مالکان کے مفادات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز مالکان کی مخالفت کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، ٹی ٹین لیگ کی حمایت میں ڈٹ گیا اور کہا کہ وہ لیگ کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔

لیگ کا میزبان امارات کرکٹ بورڈ ہے جہاں پی سی بی اپنی ہوم سیریز کراتا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کی چھ میں سے ایک فرنچائز نے پہلی ٹی ٹین لیگ میں ٹیم خریدی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ سے پاکستان سپر لیگ مالکان کے مفادات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

پیر کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں دیگر معاملات کے علاوہ ٹی ٹین لیگ کا معاملہ سب سے نمایاں رہا۔

مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزوں نے ٹی ٹین لیگ پر اپنے تحفظات ظاہر کیے اور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس لیگ کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو ریلیز نہ کرے اور لیگ کی حمایت سے دستبردار ہوجائے۔

شارجہ اسٹیڈیم میں ہونے والی پہلی ٹی ٹین لیگ آئندہ ماہ 14 سے 17 دسمبر تک ہوگی، جس میں انگلش کپتان یوان مورگن سمیت صف اول کے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔

پہلی ٹی 10 لیگ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں میں پنجاب لیجنڈز، پختون، مراٹھا عربینز، کیرالہ کنگز، بنگال ٹائیگرز اور ٹیم سری لنکا شامل ہیں۔

دبئی میں ہونے والے ڈرافٹ میں پانچ فرنچائزز مالکان نے اپنے کھلاڑیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

شاہد آفریدی (پختون)، سرفراز احمد (بنگال ٹائیگرز)، اوئن مورگن (کیرالہ کنگز)، شعیب ملک ( پنجاب لیجنڈز) اور وریندر سہواگ (مراٹھا عربئنز) اس لیگ کے آئیکونک کرکٹرز قرار پائے ہیں اور یہی پانچوں کرکٹرز اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت بھی کریں گے۔

اس لیگ میں شرکت کرنے والے پاکستانی کرکٹرز میں مصباح الحق، عبدالرزاق، عمر اکمل، محمد عامر، عماد وسیم، سہیل خان، سہیل تنویر، کامران اکمل، رومان رئیس، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عرفان، احمد شہزاد، فہیم اشرف،  فخرزمان، حسن علی، جنید خان، عمر گل، حسان خان، اسامہ میر، محمد سمیع اور انور علی شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں بنگلہ دیش کے تمیم اقبال، شکیب الحسن، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی، ڈیرن براوو، کیرون پولارڈ، سیموئل بدری، لینڈل سمنز، نیوزی لینڈ کے لیوک رانکی، انگلینڈ کے الیکس ہیلز، عادل رشید، کرس جارڈن اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور رنگانا ہیر اتھ کے نمایاں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فرنچائز مالکان نے نئے فارمیٹ کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ فارمیٹ پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرسکتا ہے، لیکن نجم سیٹھی بورڈ کے موقف پر ڈٹے رہے اور کہا کہ اس نئے ٹورنامنٹ سے پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت اور فرنچائزوں کے معاہدوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ٹی ٹین مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ ہے جو چار دن میں ختم ہوجائے گا۔

پی ایس ایل اس ٹورنامنٹ کے تین ماہ بعد ہوگا، اس لیے مفادات کے تصادم کا تاثر درست نہیں ہے، چوںکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کراتا ہے اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ امارات کرکٹ بورڈ کے خلاف نہیں جاسکتا۔

ایک تجویز یہ آئی کہ اگر ٹی ٹین کی حمایت کی جاتی ہے تو پھر پی سی بی امارات لیگ کی حمایت کرے، یہ لیگ بھی ایک پاکستانی فرنچائز کے مالک نے خریدی ہوئی ہے۔


مزید خبریں :