Time 22 نومبر ، 2017
کھیل

پی سی بی کا حفیظ کے بولنگ ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ایک بار پھر ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 18 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ کے دوران محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد پروفیسر حفیظ نے ایکشن کا ٹیسٹ دیا تھا لیکن وہ اسے کلیئر کرنے میں ناکام رہے اور آئی سی سی نے ایکشن غیر قانونی قرار دیدیا۔

اے پی پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے حفیظ پی سی بی کی 4 رکنی ایکشن ریویو کمیٹی کے ساتھ کام کریں گے جس میں احسن رضا، سلیم جعفر، سجاد اکبر اور علی ضیاء شامل ہیں۔

کمیٹی محمد حفیظ کا ایکشن درست کرنے کے لیے طریقہ کار طے کرے گی، ہر 40 روز کے بعد بائیو مکینکس لیب میں بولر کا ایکشن ٹیسٹ ہوگا، ایکشن ریویو کمیٹی کی کلیئرنس کے بعد ری ٹیسٹ کے لیے آئی سی سی کو درخواست دی جائے گی۔

محمد حفیظ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن بحالی پر کام کا آغاز کریں گے۔

مزید خبریں :